نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ اگر حقائق کو سامنے رکھیں تو نواز شریف صاحب نے نا کسی کاغذ پر دستخط کیے ہیں اور نا انہوں نے کسی سے کہا ہے کہ مجھے ڈیل چاہیے۔ پرسوں تک انہیں کچھ پتا نہیں تھا کہ وہ جا رہے ہیں پاکستان سے باہر یا نہیں جا رہے، اُن کی حالت ہی ایسی ہے۔ اگر اُن سے کوئی پوچھتا ہے تو وہ کہتے ہیں کہ مجھے نہیں پتا اور میں یہ نہیں مانتا۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ سارے معاملات شہباز شریف صاحب کر رہے ہیں، یہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہ شہباز شریف کر رہے ہیں۔ ہاں، انہیں تائید حاصل ہے مریم نواز کی اور خاندان والوں کی بھی۔ جو بھی معاملہ ہو رہا ہے وہ شہباز شریف صاحب اور وزارت داخلہ یا حکومت کے درمیان ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو تو پتا ہی نہیں ہے، اُس نے تو کہیں سائن ہی نہیں کیے اور عمران صاحب کہہ رہے ہیں کہ میں ڈیلیں دے دے کے اور این آر او کر کر کے تنگ آ گیا ہوں۔ جب نواز شریف نے آپ سے کوئی درخواست کی ہی نہیں، اُنہوں نے آپ کو کوئی پیپر دیا ہی نہیں، اُس کے کہیں دستخط ہی موجود نہیں ہیں اور اب آپ کو یاد آیا کہ نواز شریف نے تو کہیں دستخط ہی نہیں کیے اور اب آپ کہیں دستخط لینا چاہتے ہیں نواز شریف کے، اور اس لیے آپ تاخیر کر رہے ہیں ای سی ایل سے نام نہیں نکال رہے۔
حامد میر نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری صاحب کا معاملہ بھی یہی ہے وہ ڈیل ایپلیکیشن پر دستخط نہیں کر رہے۔ جب تک وہ ڈیل ایپلیکیشن پر سائن نہیں کریں گے کچھ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ نوازشریف کا نام تاحال ای سی ایل میں موجود ہے اور آج ان کی بیرون ملک روانگی منسوخ ہو گئی ہے۔ ایوی ایشن کے مطابق سابق وزیراعظم کی قطرایئرویز سے جانے والی ٹکٹیں منسوخ کرادی گئی ہیں۔