ایکس میں اب پوسٹس پر کمنٹس بھی ویریفائیڈ اکاؤنٹس تک محدود

اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس میں پوسٹس پر کمنٹس بھی ماہانہ فیس سے مشروط کیے جا رہے ہیں۔

12:04 PM, 11 Oct, 2023

نیا دور

  ایلون مسک کی زیرملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ( ٹوئٹر) میں ایک ایسی تبدیلی کی گئی ہے جو ماہانہ فیس ادا نہ کرنے والے صارفین کے لیے کمنٹس کرنا بھی مشکل بنا دے گی۔

ایکس کے آفیشل اکاؤنٹ پر کی جانے والی ایک پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ اب آپ اپنی پوسٹس پر کمنٹس کو محض ویریفائیڈ اکاؤنٹس تک محدود کر سکتے ہیں۔

یہ نیا فیچر تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے، چاہے آپ کا اکاؤنٹ ویریفائیڈ ہو یا نہ ہو۔

اس سے قبل کسی پوسٹ پر رپلائی کرنے کے 3 آپشن تھے مگر وہ 4 ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ایکس کو خریدنے کے بعد ماہانہ سبسکرپشن پروگرام متعارف کرایا تھا اور بلیو ٹِک کو اس کا حصہ بنا دیا تھا۔

اس کے بعد ایکس کے متعدد فیچرز کو اسی سبسکرپشن پروگرام تک محدود کر دیا گیا تھا۔

مثال کے طور پر سبسکرپشن پروگرام کے صارفین کو 25 ہزار حروف پر مبنی پوسٹس تحریر کرنے، 3 گھنٹے طویل ویڈیو اپ لوڈ کرنے اور دیگر خصوصی فیچرز تک رسائی حاصل ہے۔

اب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس میں پوسٹس پر کمنٹس بھی ماہانہ فیس سے مشروط کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ ماہ میں ایکس ( ٹوئٹر) کے بانی ایلون مسک نے جعلی اکاؤنٹ سے نمٹنے کیلئے ایکس کے استعمال پر ماہانہ فیس چارج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بوٹس اور اصلی اکاؤنٹ میں تمیز کرنے کا اس سے بہتر طریقہ نہیں ہے کہ ایکس پر اکاؤنٹ بنانے والوں سے فیس لی جائے۔

ایلون مسک کا مزید کہنا ہے کہ فیس زیادہ نہیں ہوگی لیکن ہر صارف کو وہ ماہانہ فیس دینا پڑے گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایکس ( ٹوئٹر) کی فیس ہر ملک کیلئے الگ الگ ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایلون مسک نے کمپنی کا چارج سنبھالنے کے بعد ویریفائیڈ اکاؤنٹس ( بلیو ٹکس) کیلئے بھی فیس لاگو کردی تھی۔

ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کے بعد مسک نے پلیٹ فارم میں اہم تبدیلیاں کیں۔ انہوں نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ جیسے پہلے سے ممنوعہ اکاؤنٹس کو واپس آنے کی اجازت دے دی۔ انہوں نے ”بلیو چیک“ تصدیقی نظام کو بھی ختم کردیا جو مشہور لوگوں کے اکاؤنٹس کی نشاندہی کرتا تھا۔

اب معاملہ کچھ یوں ہے کہ اگر آپ فیس ادا کرتے ہیں تو آپکو اپنے نام کے آگے نیلے رنگ کا بیج ملتا ہے اور آپ کی پوسٹس زیادہ افراد کو نظرآتی ہیں جبکہ عدام ادائیگی پر آپ کی پوسٹس اتنی زیادہ توجہ کر مرکز نہیں ٹھہرتیں۔

مسک کا ماننا ہے کہ یہ تبدیلی پلیٹ فارم پر بوٹس کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرے گی۔

پبلک ریکارڈ کے مطابق ایکس امریکہ میں منی ٹرانسمیٹر لائسنس حاصل کرنے پر بھی کام کر رہا ہے اور اسے پہلے ہی 8 ریاستوں میں اجازت مل چکی ہے۔

مزیدخبریں