بابائے قوم محمد علی جناح کا 71واں یوم وفات

09:35 AM, 11 Sep, 2019

نیا دور
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 71 واں یوم وفات آج نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ بابائے قوم کے یوم وفات پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، سیاسی و سماجی شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائیں۔

قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی کوششوں سے پاکستان معرض وجود میں آیا تھا۔ محمد علی جناح کی شخصیت ایک اعلیٰ اور مثالی کِردار کی حامل تھی۔ انہوں نے وکالت اور سیاست میں رہ کر اپنے دامن کو صاف ستھرا رکھا اور مسلمانوں کی ذِہنی تعمیرِنو کی۔

قائد اعظم کا انتقال پاکستان کے آزاد ہونے کے ایک سال بعد 11 ستمبر 1948 کو ہوا۔ بابائے قوم کا یوم وفات ہمیں ایک ایسے عظیم ترین قائد کی یاد دلاتا ہے جس نے برصغیر کے خوف زدہ اور مایوس مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا تھا۔

بانی پاکستان کے یوم وفات کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعلی سندھ نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 71 ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ کی آمد پر پاک بحریہ کے دستوں نے بینڈ بجا کر مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا جام اکرام اللہ، سعید غنی، شبیر بجارانی، چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ بھی موجود تھے۔
مزیدخبریں