بلوچستان میں دہشت گردی کا دوسرا واقعہ، چمن میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق

03:57 PM, 12 Apr, 2019

نیا دور
چمن: بلوچستان میں دہشت گردی کا دوسرا واقعہ، کوئٹہ کے بعد چمن میں بھی دھماکا ہوگیا، مال روڈ پر سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، واقعے میں ایک شخص جاں بحق  اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق چمن کے علاقے مال روڈ پر موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکا سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، واقعے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آج صبح کوئٹہ کی سبزی منڈی میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 40 افراد اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔

بلوچستان کے وزیرِ داخلہ ضیا اللہ لانگو کے مطابق خودکش دھماکہ ہزار گنجی کے علاقے میں واقع مارکیٹ میں ہوا اور مرنے والوں میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد کے علاوہ ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

وزیر داخلہ نے  دوپہر پریس کانفرنس میں بتایا کہ دھماکہ خودکش تھا جبکہ اس سے قبل ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبد الرزاق چیمہ نے میڈیا کو بتایا تھا کہ دھماکہ آلو کے گودام میں ہوا ہے۔
مزیدخبریں