جاتی امرا اراضی کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
دوران سماعت مریم نواز اور نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر فیصل بحاری عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے مریم نواز کی درخواست پر جواب جمع کرا دیا ہے۔
عدالت نے ان سے استفسار کیا کہ 'کیا مریم نواز کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں'، اس پر وکیل نیب نے عدالت کو بتایا کہ ' مریم نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے گئے ہیں'۔
مریم نواز کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی 'اگر گرفتار کرنا ہو تو ہمیں پہلے بتایا جائے تاکہ عدالت سے رجوع کر سکیں'۔
بعد ازاں عدالت نے حکم جاری کیا کہ 'اگر گرفتار کرنا ہو تو نیب 10 روز قبل مطلع کرے'۔
لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت نمٹا دی۔