جنسی حراسگی کیس: میشا شفیع سے متعلق بے بنیاد خبر نشر کرنے پر اے آر وائی کو 2 لاکھ روپے جرمانہ

02:52 PM, 12 Apr, 2021

نیا دور
پیمرا نے مشا شفیع کے خلاف جھوٹی خبر  آن ائیر کرنے کے حوالے سے اے آر وائی کو دو لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔ اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ اے آر وائی کی جانب سے میشا شفیع کے علی ظفر کے خلاف جنسی حراسگی کے کیس میں گلوکارہ کی پیشی سے متعلق حقائق کے منافی خبر نشر کی۔ اعلامیئے کے مطابق اےآر وائی اس خبر سے متعلق مندرجات کو صحیح ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ جبکہ اس بابت بھی یہ چینل ثابت نہیں کر سکا کہ اس نے خبر نشر کرنے سے قبل میشا شفیع کا موقف اس خبر میں شامل کیا تھا۔

اس حوالے سے اعلامیئے میں ہے کہ 5 دسمبر 2020  کو اے آر وائی کی جانب سے دی گئی خبر کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں چینل نے ان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔ اور وہ اپنے گانے کی ریکارڈنگ کے لیئے تو وطن میں آئیں لیکن انہوں نے عدالت میں پیش ہونا مناسب نہیں سمجھا۔

اعلامیئے کے مطابق میشا شفیع نہ صرف اپنے وکلا کے ذریعئے عدالت میں پیش ہوتی رہیں بلکہ وہ 9 دسمبر کو خود یہاں پیش ہوئیں۔ پیمرا نے کہا ہے کہ چینل گلوکارہ کے خلاف غیر متوازن خبر نشر کرنے کا مرتکب ہوا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی ’’غلط‘‘ اور ’’بے سروپا‘‘ معلومات نشر کرنے پر بول اور اے آر وائی نیوز کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ٹیلی ویژن چینلوں نے ضابطہ اخلاق 2015ء کی خلاف ورزی کی ہے۔ ول اور اے آر وائی نیوز نے گزشتہ روز یہ خبر نشر کی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کر چکی ہے۔ ان دونوں چینلوں نے یہ دعوی بھی کیا کہ وزیر خزانہ اسد عمر کو ان کے عہدے سے ہٹا کر پٹرولیم کی وزارت دے دی گئی ہے جب کہ کابینہ کے چار دیگر ارکان کے نام بھی لیے گئے تھے۔

 

 
مزیدخبریں