اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے شہر کے بلیو ایریا میں واقع کی مشہور بیکری 'تہذیب' کو متعدد کارکنوں کے ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہونے کے بعد سیل کر دیا گیا۔
تازہ ترین کارروائی میں حکام نے کنفیکشنری آؤٹ لیٹ کے ریسٹوریٹ کو سیل کر دیا۔ ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسلام آباد کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا کہ 6 ملازمین فضل احمد، میاں رمضان، ایم ریاض، ذوالفقار، نجیب اللہ، ساجد جلیل نے ڈائریکٹر آف ہیلتھ میں ٹیسٹ کروائے تھے جو کہ پازیٹو آئے۔ ریسٹورنٹ کو اس معاملے کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔ پھر بھی وائرس کے شکار ملازمین نے قواعد کی سراسر خلاف ورزی کرتے ہوئے کام جاری رکھا۔
میڈیکل رپورٹ سے آگاہ ہونے کے باوجود بیکری انتظامیہ نے ورکرز کو کام جاری رکھنے دیا جس سے جڑواں شہروں کے مکینوں کی صحت کو بہت بڑا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کی تصاویر انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہیں جس پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے رہائشی بیکری کی اس سنگین غفلت پر حیران ہیں کیونکہ لوگ اکثر فاسٹ فوڈ اور کنفیکشنری اشیاء کے لیے اسی بیکری پر جاتے ہیں۔