بھارت: پیغمبر اسلام ﷺ سے متعلق مبینہ توہین آمیز فیسبک پوسٹ پر ہنگامے پھوٹ پڑے

08:46 AM, 12 Aug, 2020

نیا دور
جنوبی ایشیا میں مذہبی منافرت ہے کہ روز بروز نئی بلندیوں پر پہنچ رہی ہے اور اسکی روک تھام کے اقدامات اٹھانے کی بجائے اس کو سیاسی اور حکومتی سطح پر ہوا ہی دی جا رہی ہے۔ اب خبر ہے بھارت سے جہاں مبینہ طور پر توہین رسالت پر مبنی ایک فیس بک پوسٹ مسلمانوں کی جانب سے بڑے احتجاج کا موجب بنی ہے جبکہ بھارتی شہر بنگلور میں ہنگامے بھی پھوٹ پڑے ہیں۔

اس متنازعہ  فیس بک پوسٹ پر ہنگاموں میں اب تک  3 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کانگریس سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی سری ویناس مرتھی کے بھتیجے نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کی جس پر بنگلور کے مشرقی علاقے میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتعل افراد نے بنگلورو میں واقع کانگریس رہنما سری ویناس مرتھی کے گھر کو آگ لگادی جب کہ گھر کے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق ہنگاموں کے دوران 24 گاڑیوں اور تقریباً 200 موٹرسائیکلوں کو آگ لگائی گئی جب کہ پولیس نے مشتعل مظاہرین کو قابو کرنے کے لیے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے تین افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پچاس کے قریب پولیس اہلکار بھی  شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

بنگلور پولیس کا کہنا ہےکہ فیس بک پر توہین آمیز پوسٹ کرنے والے رکن اسمبلی کے بھتیجے کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ احتجاجی مظاہروں میں ملوث 110 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مزیدخبریں