کورونا وائرس کا شکار معروف اداکارہ دردانہ بٹ انتقال کر گئیں

09:07 AM, 12 Aug, 2021

نیا دور
پاکستان کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کورونا وائرس کے باعث 83 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئیں۔

سینئر اداکارہ کے انتقال کی تصدیق اداکار و آر جے خالد ملک نے کی، انہوں نے انسٹاگرام پر بھی دردانہ بٹ کے انتقال کی اطلاع دی تھی۔ خالد ملک نے کہا کہ' دردانہ بٹ کے اہلخانہ نے انہیں بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اداکارہ کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا'۔

انہوں نے کہا کہ 'آخری وقت تک ڈاکٹرز نے کہا کہ وہ ایک فائٹر ہیں لیکن جب بلاوا آجائے تو کیا کرسکتے ہیں، اور وہ سمجھ گئی تھیں، انہوں نے زندگی کے لیے کوشش کرنا چھوڑیا دیا تھا'۔ خالد ملک نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ دردانہ (دودی) آپا اب نہیں رہیں۔

صحافی تہمینہ خالد نے بھی سینئر اداکارہ کے انتقال کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کا انتقال کورونا وائرس سے ہوا اور وہ گزشتہ چند برس سے کینسر کے عارضے میں بھی مبتلا تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے قبل ہی ان کی طبیعت ناساز تھی۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اداکار خالد ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر دردانہ بٹ کی طبیعت ناسازی سے متعلق بتایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ دردانہ بٹ آپا کی طبیعت کافی ناساز ہے جس کی وجہ سے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا ۔ خالد ملک نے دردانہ بٹ کی صحیتابی کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی تھی۔

دردانہ بٹ معروف پاکستانی اداکارہ تھیں۔ وہ "رسوائی"، "انتظار" اور "رانی" ڈراموں میں اپنے کرداروں کے لئے جانی جاتی تھیں ۔ ساتھ ہی ساتھ بی بی کی حیثیت سے "تنہایاں" اور "تنہایاں نئے سلسلے" ڈراموں میں اپنے کردار کے لئے مشہور ہیں۔
مزیدخبریں