غزنی فتح کرنے کے بعد افغان حکومت کی طالبان کو شراکت اقتدار کی پیشکش

12:06 PM, 12 Aug, 2021

نیا دور
افغانستان میں طالبان نے پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے صوبہ غزنی کے دارالحکومت غزنی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور اس پیشرفت کے بعد افغان حکومت نے طالبان کو شراکت اقتدار کی پیشکش کی ہے۔ نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اقتدار میں شراکت کی یہ پیشکش قطر کے ذریعے کی گئی ہے جو افغان امن مذاکرات کی میزبانی بھی کررہا ہے۔
ادھر صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ میں لڑائی عروج پر ہے اور طالبان نے وہاں کے پولیس ہیڈ کوارٹر پر قبضہ کر لیا ہے اور وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
دوسری جانب طالبان نے کابل سے صرف 150 کلومیٹر کے فاصلے پر افغانستان کے اسٹریٹجک شہر غزنی کا کنٹرول حاصل کرلیا۔
یہ شہر ایک ہفتے میں طالبان کے قبضے میں آنے والا 10 واں صوبائی دارالحکومت ہے جو اہم کابل-قندھار شاہراہ کے ساتھ واقع ہے اور دارالحکومت اور جنوب میں طالبان کے گڑھ کے درمیان ایک گیٹ وے کے طور پر کام کرتا ہے۔

امریکی انٹیلیجنس رپورٹس: طالبان 3 ماہ میں کابل فتح کر لیں گے

انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی دفاعی حکام نے امریکی انٹیلی جنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان آئندہ 30 روز میں افغانستان کے دارالحکومت کو تنہا کر سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر آئندہ 90 روز میں اسے اپنے قبضے میں لے سکتے ہیں۔یورپی یونین کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ طالبان اب افغانستان کے 65 فیصد حصے پر قابض ہیں اور انہوں نے 11 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا ہے اور مزید پر قبضے کی دھمکی دی ہے۔
مزیدخبریں