گوگل کا غیرفعال اکاؤنٹس ڈیلیٹ  کرنے کا فیصلہ

گوگل کے مطابق غیر فعال جی میل اکاؤنٹس ہیکنگ، فشنگ یا سپیم کا شکار ہو جاتے ہیں کیونکہ انہیں نئی خصوصیات اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ اپ ڈیٹ کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے یہ فیصلہ سیکیورٹی سے متعلق کسی بھی مسئلے سے بچنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔

03:51 PM, 12 Aug, 2023

نیا دور

اگر آپ نے اپنے گوگل اکاؤنٹ کو کافی عرصے سے استعمال نہیں کیا تو بہتر ہے کہ ایک بار اس پر سائن ان ہو جائیں کیونکہ سرچ انجن گوگل نے یکم دسمبر کے بعد غیر فعال جی میل  اکاؤنٹس بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوگل نے غیر فعال جی میل اکاؤنٹس کو یکم دسمبر کے بعد بالترتیب بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سب سے پہلے ایسے گوگل اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا جن کو بنانے کے بعد کبھی استعمال نہیں کیا گیا۔ 

کمپنی کے مطابق وہ صارفین جنہوں نے بیک اپ ای میل بنا رکھی ہیں انہیں جی میل اکاؤنٹس بند کرنے سے قبل وارننگ ای میل بھیجی جائیں گی۔ کسی بھی اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ کرنے سے قبل متعدد نوٹیفکیشنز بھی ارسال کیے جائیں گے۔

گوگل کے مطابق غیر فعال جی میل اکاؤنٹس ہیکنگ، فشنگ یا سپیم کا شکار ہو جاتے ہیں کیونکہ انہیں نئی خصوصیات اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ اپ ڈیٹ کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے یہ فیصلہ سیکیورٹی سے متعلق کسی بھی مسئلے سے بچنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔

ادارے کے مطابق وہ اکاؤنٹس اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے جو یوٹیوب چینل یا ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے منسلک ہوں۔

صارفین کو اپنے جی میل اکاؤنٹ کو بند ہونے سے روکنے کے لیے 2 سال میں ایک بار لازم کوئی ایکٹیویٹی کرنا ہو گی جیسے ای میلز پڑھنا، تلاش کرنا یا اسی طرح کی دوسری ایکٹیویٹی۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں ایلون مسک کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بہت جلد ایسے ٹوئٹر اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیے جائیں گے جو کافی عرصے سے غیر متحرک ہیں۔

مزیدخبریں