'انوار الحق کاکڑ کی تقرری میں نواز شریف کا کردار شامل تھا'

شہباز شریف نے آج یہ بیان دے کر کہ جیسے مجھے رخصت کیا گیا آج تک کسی وزیر اعظم کو نہیں کیا گیا، نواز شریف کے سیاسی امیج کو زک پہنچائی ہے۔ انہوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ اگلی چوائس بھی میں ہی ہوں۔ توہین مذہب قانون میں ترمیم پر کوئی بحث نہیں ہوئی، اس ترمیم سے ملک میں بدامنی پیدا ہو گی۔

10:54 PM, 12 Aug, 2023

نیا دور
Read more!

انوارالحق کاکڑ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور اسٹیبلشمںٹ کی پہلی لسٹ میں نہیں تھے، یہ نام اگرچہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے دیا گیا ہو گا مگر مسلم لیگ ن اور اسٹیبلشمنٹ کے مابین یہ متفقہ امیدوار بن گئے ہیں۔ انوار الحق کاکڑ 9 مئی واقعے کی مذمت کر چکے تھے، پچھلے 6 ماہ میں ان کی آصف زرداری سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی جبکہ ن لیگ کی قیادت سے ان کی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نواز شریف نے کہیں نہ کہیں اپنا اثر دکھایا ہے۔ یہ کہنا ہے مزمل سہروردی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں انہوں نے کہا کہ یہ کسی فریق کی جیت نہیں ہے، حالات کے مارے تمام سٹیک ہولڈرز اس نام پر متفق ہونے پر مجبور ہو گئے۔ ن لیگ نے فیصلہ کر لیا ہے کہ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر سیاست کرنی ہے، ووٹ کو عزت دلانی ہے تو صلح صفائی کے ساتھ بھی دلوائی جا سکتی ہے لڑنا ضروری نہیں ہے۔

مبشر بخاری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے آج یہ بیان دے کر کہ جیسے مجھے رخصت کیا گیا آج تک کسی وزیر اعظم کو نہیں کیا گیا، نواز شریف کے سیاسی امیج کو زک پہنچائی ہے۔ انہوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ اگلی چوائس بھی میں ہی ہوں۔ توہین مذہب قانون میں ترمیم پر کوئی بحث نہیں ہوئی، سوائے شیری رحمان کے کسی نے اس پر کمنٹ نہیں کیا۔ اس ترمیم سے ملک میں بدامنی پیدا ہو گی۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی اور مرتضیٰ سولنگی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں