یوٹیوبر عرفان جونیجو ذہنی دباؤ کا شکار، ولاگنگ سے کنارہ کشی کا فیصلہ

10:04 AM, 12 Feb, 2020

نیا دور
معروف ولاگر اور یوٹیوبر عرفان جونیجو ولاگنگ سے بیزار ہو گئے ہیں اور انھوں نے یوٹیوب کو جزوی طور پر خیر باد کہہ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نامور یوٹیوبر اور ولاگر عرفان جونیجو نے اپنے یو ٹیو ب چینل پر ’آئی کوئٹ‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو شیئر کی۔ اپنے سوشل میڈیا صارفین کے لئے شئیر کی گئی اس ویڈیو میں عرفان نے یوٹیوب کو خیرباد کہنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں اب کسی بھی ایونٹ یا ایوارڈ کی تقریب میں بھی نہیں جاتا، حتیٰ کہ میں نے ٹوئٹر کو بھی چھوڑ دیا ہے اور کیمرہ استعمال کرنا بھی بہت کم کر دیا ہے۔

عرفان جو نیجو نے اس فیصلے کی تفصیل بتاتے ہوئے بتایا کہ جیسے جیسے میری شہرت میں اضافہ ہوا ہے ویسے ویسے میری زندگی آرام دہ ہوتی جارہی ہے اور یہ سب مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔

ولاگر نے کہا کہ میں نے ولاگز بنانا اس لیے شروع کیا تھا کیونکہ مجھے ولاگز دیکھنا بہت پسند تھا، مجھے لگتا تھا کہ ولاگز بنانے میں بہت مزہ آتا ہوگا۔ اتنی کا میابی ملنے کے باوجود بھی اس جاب ( ولاگنگ) سے مطمئن نہیں۔ انھوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ میں اب خود اعتمادی، ذہنی دباؤ اور اضطراب کا شکار ہوں اور یہ تمام مسائل تب سے ہونا شروع ہوئے جب میرے یوٹیوب پر پانچ لاکھ فلوورز ہوئے تھے۔

یوٹیوبر نے بتایا کہ ایک لڑکا جو کسی وقت میں اپنی زندگی میں مگن رہتا تھا اور دنیا کو اپنی نظر سے دیکھتا تھا لیکن اب وہی شخص اب دن بدن بدظن ہوتا جا رہا ہے اور یہ سب بھی ولاگ ہی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔

عرفان جو نیجونے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ میں یوٹیوب چھوڑ رہا ہوں اور اب کوئی ویڈیو اپ لوڈ نہیں کروں گا۔ میرا اگر دل کرے گا تو میں ولاگز بناؤں گا ورنہ نہیں بناؤں گا، ولاگنگ میری زندگی کی ترجیح نہیں رہی، اب میں ولاگ اپنی مرضی سے مخصوص وقت پر ہی بناؤں گا۔

https://youtu.be/EoFTr8439yQ
مزیدخبریں