ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ: آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 23 روپے سے زائد کا اضافہ

02:58 PM, 12 Feb, 2021

نیا دور
ملک میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوگیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی 0.81 فیصد مزید بڑھ گئی۔ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 9.17 فیصد ہوگئی ۔ ملک میں چینی اور آٹے کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کا سلسلہ شروع ہے۔ ایک ہفتے میں چینی کی اوسط قیمت 3 روپے 37 پیسے فی کلو بڑھ گئی۔ ملک میں چینی کی اوسط قیمت بڑھ کر 93 روپے 59 پیسے فی کلو ہوگئی۔

آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 23 روپے 88 پیسے مہنگا ہوگیا۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 970 روپے 18 پیسے کا ہوگیا۔ ایک ہفتے میں مرغی 11 روپے 47 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی۔ انڈے فی درجن 6 روپے 80 پیسے مہنگے ہوئے۔ گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 9 روپے 75 پیسے مہنگا ہوا۔ کیلے فی درجن 3 روپے 93 پیسے مہنگے ہوگئے۔ دال چنا ایک روپے 96 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

حالیہ ہفتے دال ماش,دال مونگ,دال مسور,چاول بھی مہنگے ہوئے۔ ایک ہفتے میں 24 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔ ایک ہفتے میں 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔ ٹماٹر 7 روپے 50 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ آلو ایک روپے 47 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 34 روپے 20 پیسے سستا ہوا۔ پیاز 64 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔ گذشتہ ہفتے لہسن اور گڑ بھی سستا ہوا۔ ایک ہفتے میں 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
مزیدخبریں