شوکت ترین کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے جس میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپسی پر ایک صحافی نے وزیر خزانہ سے سوال پوچھا کہ وزیراعظم نے کارکردگی کی بنیاد پر جو سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ان میں آپ کی وزارت ٹاپ 10 میں نہیں آئی۔ اسی حکومت میں تین وفاقی وزیر خزانہ جا چکے ہیں، اگر آپ کی کارکردگی سے وزیراعظم مطمئن نہیں ہیں تو کیا کریں گے آپ؟
اس شوکت ترین نے غصے سے صحافی کی طرف مڑ کر دیکھا اور کہا کہ تو 'چلے جائیں گے یار'۔ ان کی اس بات پر ان کے اردگرد کھڑے لوگ کھل کھلا کر ہنسنا شروع ہو گئے۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین سوال اٹھا رہے ہیں، کیا معیشت کی تباہ حالی کا صرف اتنا سا جواب کافی ہے کہ 'چلے جائیں گے'۔
https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1492500997897433105?s=20&t=-V7dDYAIYU9fBuOAdIOnGQ
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا اپنی ٹیم کے 10 بہترین وزراء کیلئے ایوارڈ، مراد سعید کا پہلا نمبر
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں بہترین کارکردگی پر وزرا، مشیر اور معاون خصوصی کو تعریفی اسناد دی گئیں جن میں مراد سعید کی وزارت مواصلات کا پہلا نمبر رہا اور انہیں پہلا ایوارڈ دیا گیا۔
بہترین کارکردگی دکھانے پر وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر ہوا بازی غلام سرور، وزیر قومی فوڈ اینڈ سکیورٹی فخر امام، وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔
کارکردگی کی بنیاد پر مراد سعید کی وزارتِ مواصلات کا پہلا نمبر رہا، اسد عمر کی وزارتِ پلاننگ کا دوسرا، غربت کے خاتمے کی وزارت کا تیسرا، شفقت محمود کی وزارتِ تعلیم کا چوتھا، شیریں مزاری کی وزارتِ انسانی حقوق کا پانچواں، خسرو بختیار کی وزارتِ صنعت کا چھٹا، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کا ساتواں، عبد الرزاق داؤد کی وزارتِ تجارت کا آٹھواں، وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی وزارتِ داخلہ کا نواں جبکہ سید فخر امام کی نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی کی وزارت کا آخری یعنی دسواں نمبر رہا۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی شہزاد ارباب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کانظام شفاف بنایا گیا ہے وزیرِ اعظم عمران خان نے پرفارمنس ایگریمنٹ کو پہلے دن سے ہی اونر شپ دی۔
انہوں نے بتایا کہ 2020 ء میں وزارتوں کی کارکردگی صرف 49 فیصد تھی، پہلے کوارٹر میں وزارتوں کی کارکردگی 62 فیصد تھی۔
شہزاد ارباب نے یہ بھی کہا کہ اس کوارٹر کے اختتام پر وزارتوں کی کارکردگی 79 فیصد ہو گئی ہے، ان 10 وفاقی وزراء کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دیے گئے۔