نواز شریف کی 'پاکستان آنے کی تیاریاں'

10:57 AM, 12 Jan, 2022

نیا دور
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف پاکستان واپس کی آنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

نواز شریف کی واپسی سے متعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ چیپٹر کے سینئر نائب صدر ناصر محمود بٹ کا ایک ٹوئٹ وائرل ہوگیا ہے۔

https://twitter.com/nasirbuttuk/status/1480910178195320836

ناصر محمود بٹ کی جانب سے کی گئی ایک ٹوئٹ میں علاج کی غرض سے بیرون ملک لندن میں موجود میاں محمد نواز شریف کے وطن واپس آنے کی تیاریوں سے متعلق بتایا گیا ہے۔

ناصر محمود بٹ کا میاں محمد نواز شریف کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھنا ہے کہ ’قائد نوازشریف آج لندن آفس میں۔۔۔۔۔ پاکستان آنے کی تیاریاں انشاءاللّٰہ، انشاءاللّٰہ، انشاءاللّٰہ۔‘

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا۔ خط میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر ماہرانہ رائے طلب کی گئی ہے۔

خط میں پنجاب حکومت کو کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹس پر ماہرین سے رائے لی جائے۔ ماہرین کی آراء کی روشنی میں ہی نواز شریف کی واپسی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر طبی ماہرین نے نواز شریف کی صحت بہتر قرار دی تو ان کے معالج سے رابطہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے نواز شریف کی عدم واپسی پر ان کے ضامن شہباز شریف کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ کابینہ نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی تھی کہ اس حوالے سے تمام قانونی آپشنز پر غور کرتے ہوئے عدالتوں سے رجوع کریں۔

کابینہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے عدالت میں بیان حلفی اور ضمانت واپسی کی خلاف ورزی کا مذاق اڑایا ہے۔ سابق وزیر اعظم جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد نومبر 2019 میں علاج کے بیرون ملک گئے تھے تاہم وہ اب تک واپس نہیں آئے۔

مزیدخبریں