کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج پر پولیس کا لاٹھی چارج، کئی ڈاکٹرز زخمی، متعدد گرفتار

11:57 AM, 12 Jan, 2022

نیا دور
ہسپتالوں میں سہولیات کی کمی اور سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) اور پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن کی احتجاجی ریلی پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن نے اپنے مطالبات کے حق میں سنڈیمن پرونشل ہسپتال سے ریڈ زون کی جانب احتجاجی ریلی نکالی۔

ریلی میں کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع سے وائی ڈی اے اور پیرامیڈیکل اسٹاف فیڈریشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔

ریلی انسکمب روڈ سے گزرتی ہوئی ریڈ زون کی جانب جا رہی تھی کہ شرکا کو راستے میں پولیس کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اس دوران پولیس اور احتجاجی ڈاکٹرز کے درمیان جھڑپ ہوئی اور پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا۔

https://youtu.be/1jCB1t65aZo

ڈان کی خبر کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ عبدالحق نے چینل کو بتایا کہ 20 سے 25 مشتعل احتجاجی مظاہرین کو گرفتار کرکے متعلقہ تھانے منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کے باعث انسکمب روڈ سڑک بند کردی گئی تاہم ٹریفک کی بحالی کے لیے متبادل راستے استعمال کیے جارہے ہیں۔

دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر رحیم خان کے مطابق لاٹھی چارج کے دوران 10 ڈاکٹرز زخمی ہوئے جبکہ 50 سے زائد ڈاکٹرز کو گرفتار کیا گیا ہے، زخمی ڈاکٹرز کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں احتجاج مظاہرین انسکمب روڈ پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گزشتہ تین ماہ سے ہسپتالوں کی مبینہ نجکاری اور سرکاری ہسپتالوں میں سہولت کے فقدان پر احتجاج کر رہے ہیں۔
مزیدخبریں