حلقوں میں اتنے کام کروائیں گے ن لیگ کا نام ختم ہو جائے گا، پرویز الٰہی کا اسمبلی برقرار رکھنے کا عندیہ

07:45 AM, 12 Jan, 2023

نیا دور
وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نےپنجاب اسمبلی برقرار رکھنے کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نےکہا کہ حلقوں میں اتنے کام کروائیں گے ن لیگ کا نام ختم ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نےپنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظمؒ کے بعد عمران خان ہی سب سے بڑا اور ایماندار لیڈر ہے ۔کسی بھی پارٹی میں عمران خان جیسا لیڈر نہیں ملے گا۔ عمران خان میں لیڈر کی تمام خوبیاں موجود ہیں۔ عمران خان کے ساتھیوں نے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ ۔عمران خان کا ویژن بہت وسیع ہے۔ عمران خان نے نئے پاکستان کا خواب دیکھاہے۔ اسے کامیاب کریں گے۔ عمران خان کے ویژن کو آگے لے کر بڑھ رہا ہوں،چوروں کو گھر تک محدود کردیا ہے۔ عمران خان پاکستان کی کشتی ڈوبنے نہیں دے گا۔ پاکستان کی ناؤ چلتی رہے گی اور بغیر چپوؤں کے بھی چلتی رہے گی۔ خرید وفروخت ن لیگ کی عادت ہے عمران خان کی ٹیم نے ثابت کیا ہے کہ وہ بکاو مال نہیں۔

میں بھرپور اعتماد پر عمران خان، پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجلس وحدت المسلمین اور ، آزاد رکن بلال وڑائچ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جو وکلا کی ٹیم ہے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

پنجاب اسمبلی کے ارکان کے حوصلے، جرأت اور خودداری کو سلام پیش کرتا ہوں۔پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے۔ ہمارے مخالفین گھبرا گئے ہیں اور لیٹ گئے ہیں۔ ہمارے ارکان اسمبلی نے کسی قسم کے دباؤ اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ضمیر کے مطابق فیصلہ کیا۔

شہباز شریف کہتے ہیں کہ ہم مانگ کر پیسے لائے ہیں۔ یہ منگتے ہیں۔شہباز شریف نے بحیثیت وزیر اعظم بھیک مانگ کر پاکستان کی جگ ہنسائی کرائی۔ یہ قائد اعظمؒ کی وراثت کے قابل نہیں۔ ن لیگ اور شریف خاندان کے لوگ جب پکڑے جاتے ہیں تو سب سے پہلے بیمار ہوجاتے ہیں۔ پاکستان سے باہر جاتے ہی ہشاش بشاش ہوجاتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے مہنگائی ڈبل کر دی ہے۔آٹے کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دی ہیں۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ن لیگ والوں نے پچھلے ایک ماہ سے شور مچا رکھا تھا۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ملزم یہاں تماشا لگا کر بیٹھا تھا۔ ن لیگ والے اسلام آباد سے بارات لے کر آئے تھے۔ان کی ڈولی بھی خالی ہو گئی اور جھولی بھی خالی ہو گئی۔ اب ن لیگ رائے ونڈ کے ایک کونے کی جماعت رہ گئی ہے۔ن لیگ کے منہ کالے ہوگئے۔ یہ لیٹ کر واپس چلے گئے ہیں۔انہوں نے اس بے چارے گورنر کو بھی نہیں چھوڑ تھا۔ شریف آدمی گورنر کی عزت خاک میں ملا دی۔ ان کی اپنی تو عزت ہی نہیں ہے دلیر بنو شکست کو تسلیم کرو۔ آج ن لیگ کو صحیح طور پر سرپرائز ملا ہے ان کو اندازہ نہیں تھا آج کیا ہونا ہے۔

چودھری پرویز الٰہی  نے کہا کہ حلقوں میں اتنے کام کروائیں گے کہ ن لیگ کا نام ختم ہو جائے گا۔ ہزاروں نوکریاں دے رہے ہیں۔ احساس پروگرام کو مزید آگے بڑھائیں گے۔پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ قائداعظم کا اتحاد ناقابل تسخیر ہے اور انشاء اللہ ناقابل تسخیر رہے گا۔انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں متحد ہو کر پنجاب کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔
مزیدخبریں