پاکستان اور نیوزی لینڈ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آکلینڈ میں مدمقابل ہورہے ہیں۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 10 منٹ پر شروع ہوگا۔ میچ کے لیے قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض شاہین آفریدی انجام دیں گے۔
عباس آفریدی اور اسامہ میر اپنا پہلا ٹی 20 میچ آج کھیلیں گے۔ اعظم خان کو بطور وکٹ کیپر فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اوپننگ محمد رضوان اور صائم ایوب کریں گے۔
بابر اعظم تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آئیں گے جبکہ فخر زمان چوتھے، افتخار احمد پانچویں جبکہ اعظم خان چھٹے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ آل راؤنڈر عامر جمال ساتویں جبکہ اسامہ میر آٹھویں نمبر پر آئیں گے۔
حارث رؤف اور عباس آفریدی بھی فائنل الیون میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 5 میچز کی ٹی 20 سیریز آج سے شروع ہورہی ہے جس کا پہلا میچ آج 11 بج کر10 منٹ پر شروع ہوگا۔
قبل ازیں پریس کانفرنس کے دوران شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹی 20 میں پاکستان کی پرفارمنس اچھی رہی ہے۔ بڑے ایونٹ میں بھی ہماری کارکردگی اچھی رہی. تاہم بدقسمتی سے وہ نتائج نہیں مل سکے جو سامنے آنے چاہئیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اورفائنل آسان میچز نہیں ہوتے۔ہم سے چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہوئیں اور اب کوشش ہوگی کہ ایسی غلطیاں نہ ہوں۔ ٹیم میں کچھ کھلاڑی کم بیک کرچکے اور کچھ نئے کھلاڑی بھی شامل ہوچکے ہیں۔
نیوزی لینڈ سکواڈ:
کین ولیمسن، ڈیون کونوے، فن ایلن، ٹم سیفرٹ، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، ایڈم ملنے، بین سیئرز
پاک- نیوزی لینڈ سیریز:
پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ - 12 جنوری 2024 ایڈن پارک، آکلینڈ میں
دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ - 14 جنوری 2024 سیڈن پارک، ہیملٹن میں
تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ - 17 جنوری 2024 یونیورسٹی اوول، ڈنیڈن میں
چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ - 19 جنوری 2024 ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں
پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ - 21 جنوری 2024 ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں