اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پھنس گئے

01:56 PM, 12 Mar, 2019

نیا دور
اس دھرتی پہ بسنے والا ہر انسان برابر ہے، اسرائیلی اداکارائوں کی اسرائیلی وزیراعظم پر کڑی تنقید

اسرائیل کی نامور اداکارہ و ماڈل گال گوڈیٹ نے اسرائیل کو صرف یہودیوں کا ملک قرار دینے کے بیان پر وزیراعظم نتن یاہو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

امریکی سپر ہیرو فلم میں ’’ونڈر وومن‘‘ کا کردار نبھانے والی اسرائیلی اداکارہ گال گوڈیٹ نے وزیراعظم نیتن یاہو کے متنازعہ بیان پر ان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے پڑوسیوں سے بھی اسی طرح محبت کرنے کی ضرورت ہے جس طرح ہم خود کو عزیز رکھتے ہیں۔ یہ صحیح یا غلط، یہودی یا عربی، سیکولر یا مذہبی ہونے کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ امن کے لیے مذاکرات کرنے، لوگوں کو تحفظ دینے اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا معاملہ ہے۔

گال گوڈیٹ


اسرائیل کی ایک اور نامور اداکارہ روٹم سیلا نے بھی بنجمن نیتن یاہو کے اس بیان پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ملک تمام شہریوں کا ہے اور یہاں پیدا ہونے والا ہر شخص برابر ہے، اور عرب مسلمان بھی انسان ہیں۔

گال گوڈیٹ نے روٹم کی فکر کی ستائش کرتے ہوئے کہا، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اچھا اور روشن مستقبل دیں۔ انہوں نے روٹم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، میری بہن، تم ہم سب کے لیے متاثر کن شخصیت ہو۔

تاہم اسرائیلی وزیر اعظم نے روٹم کے بیان پر شرمندہ ہونے کے بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا، پہلی بات تو یہ ہے کہ اسرائیل تمام لوگوں کا ملک نہیں بلکہ 2018ء میں منظور ہونے والے ایک قانون کے مطابق اسرائیل صرف یہودیوں کی ریاست ہے۔

روٹم سیلا


قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل صرف یہودیوں کا ملک ہے اور کسی اور کے لیے ان کے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

 
مزیدخبریں