شہبازگل کی اہلیہ کامسیٹس یونیورسٹی کی 1 کروڑ 86 لاکھ روپے کی ڈیفالٹر نکلیں

09:28 AM, 12 May, 2022

نیا دور
پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کی اہلیہ اعزا اسد رسول کا کامسیٹس یونیورسٹی کی 1 کروڑ 86 لاکھ روپےکی نادہندہ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے جس پر کامسیٹس یونیورسٹی نے شہباز گل کی اہلیہ کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

جیو نیوز کے صحافی اعزاز سید کی رپورٹ کے مطابق شہباز گِل کی اہلیہ سرکاری خرچ پر 2011ء میں پی ایچ ڈی کرنے امریکا گئی تھیں اور 11سال بعد بھی واپس نہیں آئیں، یونیورسٹی کی جانب سے 99 ہزار ڈالرز کے سرکاری اخراجات کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یونیورسٹی آف ایلی نوائس وہی امریکی یونیورسٹی ہے جہاں شہباز گل تدریس سے منسلک ہیں۔

دستاویز کے مطابق شہبازگل اہلیہ کے خلاف کارروائی رکوانے کے لیے یونیورسٹی پر اثر انداز ہوتے رہے، اعزا اسد رسول نے مارچ 2011ء میں پی ایچ ڈی کے لیے سرکاری فنڈز سے اسکالر شپ حاصل کی تھی۔

دستاویز کے مطابق مسز شہبازگل نے کامسیٹس یونیورسٹی سے معاہدے کے تحت 2016ء میں پی ایچ ڈی مکمل کرنا تھی، معاہدے کے تحت ڈگری کے بعد اعزا اسد رسول نے واپس آ کر یونیورسٹی میں پڑھانا تھا، مسز شہباز گل نے یونیوسٹی میں اپنےکام کی رپورٹس نہیں دیں اور خطوط کے جواب بھی دینا بند کر دیئے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ شہبازگل کی اہلیہ کامسیٹس یونیورسٹی کے نوٹسز کا جواب دینے سے بھی گریز کرتی رہیں، معاہدے کی رو سے اب شہباز گل کی اہلیہ کو سرکاری فنڈز سے جاری رقم واپس کرنا ہوگی، شہباز گل کی اہلیہ کو اس سرکاری رقم پر 25 فیصد جرمانہ بھی ادا کرنا ہے۔

دستاویز کے مطابق مجموعی طور پر مسز شہباز گل کو تقریباً1 کروڑ 86 لاکھ روپے یونیورسٹی کو ادا کرنے ہیں۔

واضح رہے کہ جیو نیوز نے خبر سے متعلق شہباز گل کا مؤ+قف جاننے کی کوشش کی مگر انہوں نے جواب نہیں دیا، جیو نیوز نے شہباز گل کو ایک سوالنامہ بھی بھیجا جس کا انہوں نے تاحال جواب نہیں دیا ہے۔
مزیدخبریں