دنیا ٹی وی کی ریحام خان کو بڑی رقم کی ادائیگی، لندن کی عدالت نے معافی منگوا دی

10:39 AM, 12 Nov, 2019

نیا دور
ریحام خان نے پرائیوٹ چینل دنیا نیوز کے خلاف ہتک عزت کا کیس جیت لیا، چینل کی طرف سے معافی اور ہرجانے کی رقم ادا کر دی گئی۔

پرائیوٹ چینل نے اعتراف کیا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے ریحام خان پر شہباز شریف سے پیسے لینے کے الزامات غلط اور بے بنیاد تھے۔ چینل نے قبول کیا کہ شہباز شریف کی مداخلت کے حوالے سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد تھے۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ سچ ثابت ہو گیا۔

پروگرام کے دوران میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریحام خان پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے پیسے لینے کا الزام لگایا تھا۔

ریحام خان کے وکیل Alex Cochrane نے عدالت کو بتایا کہ پرائیوٹ ٹی وی چینل نے ریحام خان صاحبہ پر بہت سے سنگین نوعیت کے الزامات لگائے تھے، ان بے بنیاد الزامات میں یہ بھی شامل تھا کہ ریحام خان نے اپنے سابقہ شوہر کے سیاسی حریف (مسلم لیگ ن) کے صدر ، سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے اپنی کتاب لکھنے کے پیسے لیے ہیں۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پروگرام میں شیخ رشید نے ریحام خان کو کسی طوائف سے بھی زیادہ برے کردار کی عورت کہا تھا۔ اس الزام کی وجہ سے ریحام خان اور ان کے خاندان کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا اور ان کی شہرت کو نقصان پہنچا۔ 

ریحام خان کے وکیل Alex cochrane کا کہنا تھا کہ  "پرائیوٹ ٹی وی پر نشر کیے جانے والے پروگرام میں ریحام خان پر سنگین نوعیت کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ ریحام خان کے پاس ان الزامات پر قانونی چارہ جوئی کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ لندن کی ہائی کورٹ میں ٹی وی چینل نے ریحام خان سے معافی مانگ لی ہے، اور ان کی شہرت کو پہنچنے والے نقصانات پر ان کو ہرجانہ بھی ادا کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ قانونی چارہ جوئی پر آنے والے اخراجات بھی ٹی وی چینل نے ادا کر دیے ہیں۔

ریحام خان پرائیوٹ ٹی وی چینل کی جانب سے مانگی گئی معافی اور اس کیس کے مثبت نتائج پر مطمئن ہیں۔

اس موقع پر ریحام خان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ آخر انصاف کا بول بالا ہوا۔ مجھے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے ایک لمبی قانونی جنگ لڑنا پڑی۔  بہت سے چینلز نے سیاسی و کاروباری مقاصد کے حصول کے لیے میری کردار کشی کی۔ میں نے اپنی کتاب لکھنے کے لیے میاں شہباز شریف صاحب سے کوئی پیسے نہیں لیے۔ یہ بات انتہائی تکلیف دہ ہے کہ میڈیا کے ایک مخصوص طبقے اور پاکستان تحریک انصاف سے منسلک سیاست دانوں نے مجھ پر الزامات لگائے، یہ جانتے ہوئے کہ ان الزامات کی کوئی صداقت نہیں ہے۔ ان بے بنیاد الزامات کی وجہ سے میری زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا۔ مجھے یقین ہے کہ میری جیت اور ثابت قدمی سے پاکستان میں اخلاقی صحافت اور ایماندرانہ سیاست کو فروغ ملے گا۔ میری جیت پاکستان کی ان تمام خواتین کی جیت ہے جو  مردانہ معاشرے کی جانب سے کردار کشی کا شکار ہیں۔ میں اپنے قانونی معاون Hamlins  LLP کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے قانونی جنگ لڑ کر میرے لیے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا۔

ریحام خان اور ان کی لیگل ٹیم نے ہرجانے کی مد میں موصول ہونے والی کل رقم بتانے سے گریز کیا۔

 

 
مزیدخبریں