کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

01:49 PM, 12 Nov, 2019

نیا دور


وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے مؤقف اپنایا کہ ’ہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو باہر جانے دینے کا فیصلہ کررہے ہیں، میں نے مکمل چھان بین کرائی ہے نوازشریف واقعی ہی بیمار ہیں‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف کو ان کی مرضی کا علاج کرانے دینا چاہیے تاہم یہ بات یقینی بنائیں کہ نوازشریف علاج کے بعد واپس آئیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے متعلق اپنا کردار ادا کرے، ذیلی کمیٹی شہباز شریف سے مکمل ضمانت لے۔

خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے نکالنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی تجویز کی روشنی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نواز شریف سے سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے جس کے بعد ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے گا۔ سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے کی تجویز وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سامنے آئی۔

مزیدخبریں