شاہد آفریدی شدید برہم، اپنے ہونے والے داماد شاہین شاہ کو ڈانٹ پلا دی

03:29 PM, 12 Nov, 2021

نیا دور
پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل میں شکست کے بعد شاہد آفریدی اپنے ہی داماد شاہین شاہ آفریدی پر برہم ہوگئے، وہ شاہین کی بائولنگ کی سمجھ بوجھ پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی شکست کے بعد زیادہ تر لوگ حسن علی کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں کیونکہ انہوں نے اس ہار میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے میتھیو ویڈ کا کیچ عین موقع پر گرا دیا تھا۔

تاہم شاہد آفریدی کے خیالات دوسروں سے قدرے مختلف ہیں۔ شاہد آفریدی نے 'بابر آرمی' کی شکست کا ذمہ دار اشاروں میں اپنے ہونے والے داماد شاہین شاہ کو قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہین کے اوور میں 3 چھکے نہیں لگنے چاہیے تھے۔

https://twitter.com/SajSadiqCricket/status/1459085645939417101?s=20

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں شاہد آفریدی نے مایوسی کے ساتھ کہا 'میں شاہین سے خوش نہیں ہوں، صرف حسن علی کے کیچ چھوڑنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اگلے اوور میں 3 چھکے کھائیں گے۔ اس کے پاس بہت تیز رفتار ہے، اسے آف اسٹمپ کے باہر یارکرز پھینکنے کی سمجھ ہونی چاہیے، لیکن اس نے بالکل وہیں گیندیں کی جہاں میتھیو ویڈ چاہتے تھے۔

خیال رہے کہ 21 سالہ شاہین شاہ آفریدی اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار باؤلرز میں سے ایک ہیں۔ وہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے تینوں فارمیٹس میں اپنے ملک کے لیے کرکٹ کھیلتے ہیں۔ جلد ہی وہ پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے داماد بنیں گے۔ حال ہی میں شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی اقصیٰ سے ان کا رشتہ طے ہوا ہے۔
مزیدخبریں