اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 29 کی تاریخ تیزی سے قریب آ رہی ہے جو کہ باکو، آذربائیجان میں 11-22 نومبر کے دوران منعقد ہو گی، حکومت پاکستان اس کانفرنس میں اپنا کیس دنیا کے سامنے پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ پاکستانی سول سوسائٹی کی تنظیمیں بھی اس میں شامل ہو گئی ہیں، اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہی ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز نے 14 اکتوبر کے ہفتے کے دوران ایسی ہی ایک میٹنگ بلائی تاکہ باکو میں مذاکرات کے لئے موضوعات پہ روشنی ڈالی جا سکے اور آب و ہوا کی کارروائی کے لئے اندرون ملک تعاون کو متحرک کیا جا سکے۔
کوپ 29 کے لئے پاکستان کے عزائم بلند ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی کانفرنس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کا امکان ہے، تاہم باضابطہ فیصلے کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔ پاکستانی وفد، منسٹری آف کلائمیٹ چینج اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام پر مشتمل ہوگا اور دفتر خارجہ مذاکرات میں شرکت کرے گا۔ صوبوں اور خود مختار علاقوں کی نمائندگی کرنے والے حکام بھی وہاں ہوں گے۔ ماحولیاتی تبدیلی پر پارلیمانی قائمہ اداروں کے ارکان کی بھی شرکت کا امکان ہے۔
جی 77 کے ایجنڈوں سے مماثلت
پاکستان کے لئے کوپ 29 میں اہم گروپ جی 77 ہے۔ یہ ترقی پذیر ممالک (بشمول چین) کے سب سے بڑے بلاک پر مشتمل ہے جو اقوام متحدہ کے رکن ہیں۔ پاکستانی حکام ایک بار پھر جی 77 کے اس مطالبے کی حمایت کریں گے کہ گلوبل گول آن اڈاپٹیشن ترقی پذیر ممالک کی ضروریات کو پورا کرتا ہے، جیسا کہ ان کے قومی موافقت کے منصوبوں میں بیان کیا گیا ہے۔
گلوبل گول آن اڈاپٹیشن کیا ہے؟
اگست 2023 میں پاکستان نے ایک جامع، منظم اور پرعزم قومی موافقت کا منصوبہ جاری کیا۔ اس کا مقصد تمام شعبوں میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متعلق لچک کو بڑھانا ہے، جس میں، بشمول زرعی پانی کے مربوط سلسلے، شہری لچک، آلودگی پر قابو، اور قدرتی آفات کی صورت میں انتظام بھی شامل ہیں۔ اس منصوبے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے ساتھ موافقت کو قومی پالیسیوں اور ترقیاتی حکمت عملیوں میں ضم کرنے کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔ حکومتی اداروں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے درمیان بہتر تعاون اس انضمام کو ممکن بنائے گا۔
لوس اینڈ ڈیمیج فنڈ (ایل ڈی ایف) کوپ 28 کے دوران قائم کیا گیا تھا، لیکن اس کے پاس فنڈنگ کا کوئی باقاعدہ ذریعہ نہیں ہے۔ لہٰذا پاکستان کا کوپ 29 وفد ایل ڈی ایف کی باقاعدگی سے ذخیرہ کاری کو یقینی بنانے کے معاہدے کے لئے جی 77 کی حمایت حاصل کرے گا۔ پاکستانی حکام فنڈز کی منظوری کے طریقہ کار کو آسان اور صارف دوست بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے رہیں گے۔
پاکستانی حکام جی 77 کے مذاکرات کے ذریعے ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مؤقف کی حمایت کریں گے۔ لیکن وہ ترقی یافتہ ممالک اور کثیر جہتی اداروں کے مندوبین کے ساتھ بھی لابی کریں گے جن کے پاس موسمیات سے متعلق منصوبوں کے لئے فنڈ مختص ہیں۔ ان وسائل کو پاکستان کے نیشنل ایڈاپٹیشن پلان پر عمل درآمد کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ وہ ریچارج پاکستان جیسے اقدامات اور انڈس بیسن کو بحال کرنے سے متعلق منصوبوں جیسے کہ لیونگ انڈس انیشیٹو کو بھی سپورٹ کر سکتے ہیں۔
وہ اپنے ترقی یافتہ ملک کے شراکت داروں کو وہ امدادی وعدے بھی یاد دلائیں گے جو انہوں نے 2022 میں پاکستان کے ملک بھر میں آنے والے سیلاب سے ہونے والی بڑی تباہی کے تناظر میں کیے تھے، جن کی وجہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات تھے۔ مارچ تک مبینہ طور پر ان وعدوں میں سے صرف 10 فیصد ہی پورے کئے گئے ہیں۔
کوپ 29 میں مرکزی حیثیت فنانس کو حاصل ہو گی
توقع ہے کہ کوپ 29 میں فنانس مرکزی موضوع ہوگا، باکو سربراہی اجلاس کو پہلے ہی 'فنانس کوپ' کہا جا رہا ہے۔ اس کی جزوی وجہ نیو کلیکٹو کوانٹیفائیڈ گول آن کلائمیٹ فنانس (این سی کیو جی) ہے جس پر توجہ مرکوز ہو گی۔
2015 کے پیرس معاہدے کی پیش رفت، این سی کیو جی کا مقصد ترقی یافتہ ممالک سے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی مالیات کے بہاؤ میں 100 بلین امریکی ڈالر کا سالانہ ہدف حاصل کرنا ہے۔ یہ اعداد و شمار 2009 میں مخصوص کیے گئے تھے اور اسے 2020 تک پورا کیا جانا تھا، لیکن زیادہ تر تجزیوں سے پتہ چلتا ہے کہ صرف ایک محدود رقم فراہم کی گئی ہے، جبکہ دعوے اس کے برعکس ہیں۔
جبکہ تازہ ترین تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ 2030 تک ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی کارروائی کے لئے 5 سے 6.8 ٹریلین کے قریب امریکی ڈالر کے فنڈز درکار ہوں گے۔ 100 بلین امریکی ڈالر کے اصل وعدے کو پورا کرنے میں ناکامی کے پیش نظر امکان ہے کہ این سی کیو جی مذاکرات مشکل اور تلخ ہوں گے۔
کوپ 29 میں حکومتیں گرین کلائمیٹ فنڈ (جی سی ایف) کی دوسری بھرپائی اور کوپ 28 میں قائم ہونے والے انٹرنیشنل فنانس آرکیٹیکچر میں اصلاحات کے وسیع چیلنج پر بھی غور کریں گی۔ مؤخر الذکر بنیادی طور پر ورلڈ بینک، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ، اور علاقائی بینکوں جیسے ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور نیو ڈیولپمنٹ بینک (سابقہ برکس ڈویلپمنٹ بینک) سے متعلق ہے؛ ان اداروں کو اس بات پر کام کرنا چاہیے کہ موسمیاتی تبدیلی پرعالمی اتفاق رائے کی عکاسی کے ساتھ اپنے قرض دینے کے طریقوں کو کیسے دوبارہ وضع کیا جائے۔
اب تک ان اہم مالیاتی سوالات پر پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے باکو اجلاس کی کامیابی کے حوالے سے بڑے پیمانے پر تشویش پائی جاتی ہے۔
کوپ 29 میں پاکستانی حکومت اور سول سوسائٹی دونوں کے شرکا ممکنہ طور پر ترقی پذیر ممالک کو درپیش بڑھتے ہوئے موافقت کے بوجھ سے نمٹنے کی کوششوں پر زور دیں گے۔ خاص طور پر جو اہم شعبوں سے متعلق ہیں جیسے تازہ پانی کی حفاظت، خوراک اور زرعی پیداوار میں لچک کو بڑھانا، اور موسمیاتی بحران کے مضر صحت اثرات کو روکنا۔ باکو میں پچھلے کانفرنسز آف پارٹیز کی طرح ترقی پذیر ممالک کی ضروریات اور دستیاب امداد کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق سے ممکنہ طور پر شدید تبادلوں کو ہوا ملے گی۔
بہرحال، تعاون اور ان اقدامات کے جائزوں کی بھی گنجائش ہے جن پر کوپ 28 اور پچھلی کانفرنسوں میں کام کیا گیا (یا کم از کم ان کا آغاز کیا گیا)۔ ان میں قابل تجدید توانائی کے عمل، پائیدار زراعت، اور خوراک کے لچکدار نظام کو فروغ دینے کے لئے اتحاد شامل ہیں۔ پاکستان کی دلچسپی کے مخصوص اقدامات، جیسے الائنس آف چیمپیئنز فار فوڈ سسٹمز ٹرانسفارمیشن، جو کوپ 28 میں شروع کیا گیا، سٹیز اینڈ لوکل ایکشن ٹو کومبیٹ کلائمیٹ چینج اور میتھین کے اخراج کو روکنے کے اقدامات شامل ہیں۔ ان میں سے بہت سے پبلک پرائیویٹ اقدامات ہیں، اور باکو کانفرنس اس بات کا اندازہ کرنے کا ایک بہترین موقع ہو گا کہ ان کا کام کتنا اچھا رہا ہے اور کیا سبق سیکھا جا سکتا ہے۔