پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ میرا خط پھاڑکر پھینکا گیا ہے تو میرا جواب بھی ہے خدا حافظ۔
شاہد خاقان عباسی نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ معافی کس بات کی مانگی جائے؟ مضحکہ خیز باتیں نہیں کریں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بلاول بھٹو کو ذمہ داری سے بات کرنی چاہیے، تماشہ نہ لگائیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے جوباتیں کی ہیں اس سے اعتماد بحال نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم میں رہنا ہے تو اپنا اعتماد بحال کرے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جو جماعت اپنی زبان سے پھر جائے وہ پی ڈی ایم میں نہیں رہ سکتی، پیپلز پارٹی ہمیں وضاحت دیتی اور اپنی مجبوری بتاتی کہ اسے کرسی چاہیے تھی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اگلا اجلاس مولانا فضل الرحمان طلب کریں گے، اب پی ڈی ایم بیٹھ کر نئی حکمت عملی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد اعتماد سے چلتے ہیں، پیپلز پارٹی کا اپنا راستہ ہے ہمارا اپنا راستہ ہے، پیپلز پارٹی کو وضاحت کا جواب دینا ہے تو دے ورنہ ہم اجلاس کر کے فیصلہ سنا دیں گے۔