تحریک لبیک کے ہنگاموں سے نمٹنے کا پلان: 'شیخ رشید کسی صورت سخت ایکشن کے موڈ میں نہیں'

11:33 AM, 13 Apr, 2021

عبداللہ مومند
اسلام آباد میں وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں امن و امان کے حالات کو یقینی بنایا جائے لیکن خوان خرابے سے بچاجائے۔
اجلاس میں وزیر مذہبی امور، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد شریک ہوئے سمیت دیگر افسران شریک ہوئے جس میں ملک اور وفاقی دارلحکومت میں امن و امان کی غیر یقینی صورتحال پر تفصیلی بات ہوئی۔
نیا دور میڈیا کو اجلاس میں شریک ایک افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ ملک اور دارالخلافے کے سنگم میں حالات کشیدہ ہیں اور اس وقت ایک ہی راستہ ہے کہ کسی طرح قانون کی عملدارمد اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے مگروفاقی وزیر داخلہ کا رویہ بہت نرم تھا اور وہ کسی بھی صورت مظاہرین کے خلاف سخت ایکشن لینے کی موڈ میں نہیں ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ہمارے نوجوان مظاہرین کی رحم و کرم پر ہیں اور اگر اُن کو ایکشن لینے کی اجازت نہیں ملی تو وہ کسی بھی وقت اگے جانے سے انکار کرسکتے ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جہاں جہاں حالات کشیدہ ہوں وہاں 24 گھنٹے کے لئے موبائل سروس معطل کی جائے۔

یاد رہے کہ تحریک لبیک کے امیر سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد سے تنظیم کی جانب سے ملک گیر دھرنے اور احتجاج جاری ہے۔

کراچی سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ اورنگی ٹاؤن، حب ریور روڈ، اسٹار گیٹ، بلدیہ ٹاؤن اور کورنگی ڈھائی نمبر میں بھی سڑکیں بند ہیں،  کورنگی ڈھائی سے تین نمبر  اور کورنگی ڈیڑھ نمبرپر جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔


ٹریفک پولیس کے مطابق  بلاک راستوں کے مقامات سے متبادل راستے فراہم کیے جارہے ہیں اور شہر کے بیشتر مقامات پر ٹریفک معمول کے مطابق ہے جب کہ شارع فیصل اسٹارگیٹ پر دونوں ٹریک پر ٹریفک بحال ہے،  ملیر سے  ائیرپورٹ آنے اور جانے والا روڈ ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5 مقامات بند ہیں جن میں ڈھوکڑی چوک، راول ڈیم چوک، بارہ کہو روڈ، راوت کراس اور ترنول شامل ہیں جب کہ اسلام آباد سے اسٹیڈیم روڈ جانے والا راستہ بھی کنٹینر لگاکر بند کیا گیا ہے


اس کے علاوہ راولپنڈی میں اٹھال چوک اور لیاقت باغ میں سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔ لاہور کی مرکزی شاہرات بھی بند ہیں جبکہ موٹرویز اور ہائی ویز بھی بند ہیں۔

مزیدخبریں