عالمی سطح پرکشیدگی کی صورتحال، اسرائیلی وزیراعظم پہلے سرکاری دورے پر ابوظہبی پہنچ گئے

10:28 AM, 13 Dec, 2021

نیا دور
اسرائیلی وزیراعظم نیفتالی بینیٹ پہلے سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچ گئے۔ ترجمان اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق نیفتالی بینیٹ کل ابوظبی کےولی عہدمحمد بن زایدالنہیان سے ملاقات کریں گے۔

ترجمان کے بیان کے مطابق ملاقا ت میں نیفتالی بینیٹ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو گہرا کرنے ، اقتصادی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔



واضح رہے کہ اسرائیل یواےای تعلقات قائم ہونے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔

یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا جارہا ہے، جب عالمی سطح پر علاقائی کشیدگی کے حوالے سے عالمی طاقتوں کا جی سیون اجلاس جاری ہے۔ دنیا کے سات بڑے صنعتی ممالک کے گروپ جی سیون نے روس چین اور ایران کے خلاف مشترکہ موقف اپنانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کو بھی مایوسی کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔

اسرائیل نے ان خلیجی عرب ریاستوں کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے طے کرنے کی کوشش کی ہے، جنہیں اسرائیل کی طرح ایران کی جوہری سرگرمیوں پر تشویش ہے۔ لیکن متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ بات چیت کے راستے کھلے رکھے ہیں۔ اس عرب ریاست نے گزشتہ پیر کو ایک اعلیٰ عہدیدار کو تہران بھیجا تھا۔

یو اے ای روانہ ہونے سے قبل نیفتالی بینیٹ نے اپنی کابینہ کو بتایا، ''میں آج متحدہ عرب امارات جاؤں گا، یہ کسی بھی اسرائیلی وزیر اعظم کا وہاں کا پہلا دورہ ہوگا۔‘‘ وہ ولی عہد محمد بن زیاد النہیان سے ملاقات کریں گے۔

امریکا نے ''ابراہیمی معاہدے‘‘ کے ذریعے متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرائے تھے۔ حضرت ابراہیم ایک ایسی مذہبی شخصیت ہیں، جنہیں مسلمان، مسیحی اور یہودی انتہائی مقدس اور معتبر مانتے ہیں۔

اتوار کو بینیٹ کا یہ دورہ کسی بھی اسرائیلی وزیراعظم کا ان عرب ممالک میں سے کسی ایک ملک میں پہلا دورہ ہو گا۔ اسرائیلی کے سابق وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو، جنہوں نے ''ابراہیمی معاہدے‘‘ پر دستخط کیے تھے، ان کے ان ممالک میں دورے کورونا وبا کی وجہ سے منسوخ ہو گئے تھے۔ اسرائیل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بینیٹ اور شیخ محمد دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات پر گفتگو کریں گے۔

اسرائیل اور اس عرب ریاست کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد خلیجی تیل کو بحر احمر تک پہنچانے کی ڈیل طے پائی تھی۔ اس معاہدے کو ماحولیاتی ماہرین نے اسرائیل کی سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے اور بینیٹ کے وزیر توانائی بھی اس ڈیل کے خلاف ہیں۔ بینیٹ کی حکومت اس ڈیل کے مستقبل کے حوالے سے اسی ہفتے فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنی فوج کو ایران پر حملے کی تیاری مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے، اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے سابق وزیراعظم نیتن یاہو کے دعوے کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جوہری ریاست بننے کے قریب ہے، دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ جارحیت کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

عالمی تنازعات کے مرکز، مشرقِ وسطیٰ پر ایک اور جنگ کے سائے منڈلانےلگے۔ اسرائیل نے ایران پر حملے کی تیاری شروع کردی۔ اسرائیل نے امریکا کو ایران پر مجوزہ حملے کی تاریخ بتا دی ہے، غیرملکی میڈیا نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیردفاع بینی گینٹز نے دورۂِ واشنگٹن میں اہم ملاقاتوں کے دوران امریکی حکام کو آگاہ کیا کہ ایران پر حملے کیلئے حتمی تاریخ مقرر کردی ہے اور اسرائیلی فورسز کوایران پر حملے کی تیاری مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے،اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام نے اسرائیل کے ممکنہ اقدام پر کسی قسم کا منفی رد عمل نہیں دیا۔
مزیدخبریں