لاہور میں پولیو کی ٹیم سے بدتمیزی و پتھراؤ ، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا

لاہور میں پولیو کی ٹیم سے بدتمیزی و پتھراؤ ، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا
لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ میں پولیو ٹیم سے بدتمیزی اور پتھراؤ کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

پولیس کے مطابق پولیو ٹیم بی بی پاک دامن گلی نمبر 26 محمد نگر میں قطرے پلانے کے لیے گئی، جہاں امتیاز نامی شخص نے فیملی کے ہمراہ پولیو ٹیم سے بدتمیزی کی اور چھت سے اینٹیں برسائیں۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے پولیو ورکر کنیز فاطمہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق 17 دسمبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم میں 169 یونین کونسلوں میں 6 ہزار 327 پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر حملہ کیا گیا جس میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر احسان ﷲ نے واقعے کی تصدیق کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیو سیکیورٹی ٹیم پر حملہ کیا، زخمی اور شہید اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔