تفصیلات کے مطابق 3 نومبر کو محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے براڈام فاریسٹ چیک پوسٹ پر ایک دس ویلر ٹرک کو پکڑا تھا جس کی باڈی کے نیچے اور ڈرائیور سیٹ کے پیچھے نہایت ہوشیاری سے لکڑی چھپانے کے لیے خفیہ خانے بنائے گئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹرک کا مالک حاجی شریف ہے جبکہ ٹرک کے ڈرائیور کا تعلق نوشہرہ اور کنڈکٹر کا تعلق چارسدہ سے ہے۔ فاریسٹ سٹاف نے ٹرک میں سے دیار کی قیمتی لکڑی کے 125 ٹکڑے برآمد کیے تھے۔
ایس ڈی ایف او نارتھ دروش یوسف فرہاد کی ہدایت پر فاریسٹ گارڈ نے ان کے خلاف پرچہ کاٹا اور چالان فاریسٹ مجسٹریٹ دروش توصیف اللہ جو تحصیل دروش کے اسسٹنٹ کمشنر بھی ہیں، کی عدالت میں جمع کروایا۔ انہوں نے فیصلہ سناتے ہوئے ٹرک کو بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا اور خفیہ خانے بنانے کے جرم میں ٹرک کے مالک حاجی شریف کو 2 لاکھ روپے جرمانہ کیا۔
چترال کے عوام نے اس فیصلے کو نہایت سراہتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ٹرک کو ضبط کرنے اور جرمانہ کرنے سے لکڑی چوری کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔