'باجوہ کی ریٹائرمنٹ کا انتظار تھا؛ شہباز، حمزہ بریت کے بعد سلیمان کے کیس میں جان نہیں'

06:01 PM, 13 Dec, 2022

نیا دور
منی لانڈرنگ والے کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پہلے ہی بری ہو چکے ہیں، مجھے نہیں لگتا اس کیس میں کوئی جان باقی رہ گئی ہے۔ سلیمان شہباز کے آنے میں کہیں نہ کہیں فوجی رجیم رکاوٹ تھی اور فوجی رجیم تبدیل ہوتے ہی وہ واپس آ گئے ہیں۔ ممکن ہے کہ جنرل باجوہ اپنی ایکسٹینشن کے لیے ان کی واپسی کو کارڈ کے طور پر استعمال کر رہے ہوں۔ یہ کہنا ہے کالم نگار مزمل سہروردی کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبر سے آگے' میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہیٰ اسمبلی توڑنے کا اعلان کرتے ہیں تو سمجھیں وہ اپنے سیاسی ڈیتھ وارنٹ پہ دستخط کر رہے ہیں۔ لیکن چودھری پرویز الہیٰ کے کسی عمل سے نہیں لگ رہا کہ اسمبلی ٹوٹ رہی ہے یا کابینہ الوداعی میٹنگ کر رہی ہے۔ لندن سے جو اعلان کیا گیا تھا کہ پرویز الہیٰ کو وزات اعلیٰ کا امیدوار نہیں بنائیں گے تو میرا خیال ہے یہ بلف گیم ہے کہ پہلے عمران خان اور پرویز الہیٰ آپس میں اچھی طرح لڑ لیں، پھر ہم فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی نے اسحاق ڈار سے ملاقات میں عمران خان کے کیسز بھی ایجنڈے میں رکھے تھے، اسحاق ڈار نے اپنے انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔ جب یہ بات ایجنڈے کا حصہ تھی تو یقیناً عارف علوی نے کیسز ختم کروانے کی ڈیمانڈ کی ہوگی۔ حافظ سعید کے گھر پر جس وقت حملہ کیا گیا اس وقت بھارت ثابت کرنا چاہتا تھا کہ پاکستان نے حافظ سعید کو جیل میں قید نہیں کیا ہوا بلکہ وہ آزادی سے اپنے گھر میں رہ رہے ہیں۔ انڈیا کی کوشش تھی کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے سے روکا جائے مگر حملہ بھی ناکام ہو گیا اور یہ کوشش بھی۔

پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے کہا کہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ پیچھے ہٹ چکی ہے اور قانون اپنا راستہ خود بنا رہا ہے۔ چونکہ ہمیں نیوٹرل ماحول کا زیادہ تجربہ نہیں ہے اسی لیے کچھ لوگ بے چینی دکھا رہے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ فوج لانگ ٹرم پالیسیاں بناتی ہے، وہ شارٹ ٹرم فائدہ دیکھتے ہیں۔ یہ دیکھ کر بہت شرمندگی ہوتی ہے کہ ہمارے حکمرانوں میں سے اکثر اسٹیبلشمنٹ کے راستے سے ہو کر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں جس طرح سکروٹنی کمیٹی نے کہا کہ انہیں تفتیش کے لیے لامحدود وقت دیا جائے تو شاید اس لیول کی حد تک الیکشن کمیشن پر اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کوئی پریشر ہو تاہم میں نہیں سمجھتا کہ سیکرٹری یا چیف کی سطح پر ان پہ کوئی دباؤ آیا ہوگا۔ بلکہ جس طرح پی ٹی آئی نہایت ہوشیاری اور چالاکی سے معاملات بار بار عدالتوں میں لے جا کر تاخیر کرواتی رہی تو اس سے لگتا ہے کہ شاید انہیں کہیں سے ہدایات مل رہی تھیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نیب کے قوانین میں تبدیلیوں کے سب سے بڑے بینیفشری پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ہوں گے۔ یہ بات محض پراپیگنڈے کی حد تک ہی ٹھیک ہے کہ پی ڈی ایم اپنے کیسز ختم کروا رہی ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ کو دیکھا جائے تو کوئی شک نہیں کہ پراجیکٹ عمران پر عمل درآمد کروانے والوں نے فارن فنڈنگ کیس میں انہیں بچانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا ہوگا۔ یہ بات قرین از قیاس ہے کہ حافظ سعید پر ہونے والے حملے میں را ملوث تھی کیونکہ دونوں ملک شروع سے ایک دوسرے کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔

میزبان رضا رومی کا کہنا تھا کہ اعزاز سید نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ جس وقت حملہ ہوا حافظ سعید اپنے گھر میں ہی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کی مکمل انکوائری ہونی چاہئیے کہ ہمارے ادارے اسے روکنے میں کیوں ناکام رہے۔
مزیدخبریں