توہین الیکشن کمیشن: عمران اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی

توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد نہیں ہوئی اور مزید کارروائی 19 دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔ 

01:15 PM, 13 Dec, 2023

نیا دور

توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کے لیے الیکشن کمیشن کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی جہاں کیس کی سماعت کی گئی  تاہم دونوں ملزمان پر کیس میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

دوران سماعت، فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن فرد جرم پر اعتراض کیا۔ وکلاء نے اعتراض کیا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں اس لیے توہین عدالت کارروائی نہیں کر سکتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر علی گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوئی عدالت نہیں یہ کارروائی نہیں کر سکتا۔ توہین عدالت صرف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کارروائی کر سکتے ہیں۔

فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد نہیں ہوئی اور مزید کارروائی 19 دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔ 

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے فرد جرم عائد کرنے کیلئے جیل ٹرائل کی منظوری دی تھی۔ توہین الیکشن کمیشن کیس میں ٹرائل سے متعلق محفوظ فیصلہ 6 دسمبر کو سنایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 اگست کو عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں نے مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور انٹرویوز کے دوران الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزمات عائد کیے تھے۔

مزیدخبریں