جنرل باجوہ نے بتایا ہے ان کے پاس عمران خان کی ویڈیوز ہیں: آفتاب اقبال

04:50 PM, 13 Feb, 2023

نیا دور
جنرل باجوہ نے عمران خان کی ویڈیوز بنا رکھی تھیں جن میں سابق وزیر اعظم ان کو نواز شریف اور دیگر سیاستدانوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کے مشورے دیتے تھے۔

یہ انکشاف کیا ہے سینیئر اینکر آفتاب اقبال نے جن کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انہیں خود بتایا کہ انہوں نے عمران خان کی وہ ویڈیوز بنا رکھی ہیں جن میں وہ نواز شریف کے خلاف کارروائیوں پر تعریفیں کیا کرتے تھے اور مزید کارروائیوں کا مطالبہ کیا کرتے تھے۔

آفتاب اقبال کے مطابق جب انہوں نے جنرل باجوہ کو کہا کہ یہ ریکارڈنگز تو آپ کے خلاف جائیں گی تو انہوں نے جواب دیا کہ میں اب نہیں ڈرتا۔ "اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اس وقت غصے کی آخری سٹیج پر پہنچے ہوئے تھے۔"

آفتاب اقبال کے مطابق جنرل باجوہ نے بتایا کہ وہ ریکارڈنگز انہوں نے خود بنائی ہوئی ہیں۔ "وہ شاید جنرل (ر) فیض حمید کو بچانے کی کوشش میں کہہ رہے تھے کہ ان باتوں کا فیض کو بھی نہیں پتہ۔ یہ ریکارڈنگز میں خود کرتا رہا ہوں۔"

"میں نے جنرل باجوہ کو کہا کہ ابھی کچھ روز قبل عمران خان کی جو آڈیوز آئی ہیں، وہ صحیح ہیں یا غلط لیکن وہ اچھی نہیں ہیں۔ ان سے عمران خان کو تو کوئی فرق نہیں پڑا۔ وہ جیسا تھا، جیسا ہے، سب کو علم ہے۔ نقصان اس سب کا صرف آپ کو ہی ہوگا۔"

سینیئر صحافی کے مطابق انہوں نے جنرل باجوہ کو کہا کہ اس حساب سے تو نواز شریف کا کوئی قصور ہی نہیں تھا۔ "وہ تو پہلے ہی یہ کہتے ہیں کہ چند ججز اور جرنیلوں نے مل کر نواز شریف کو پھنسایا، اس معصوم کا تو کوئی قصور ہی نہیں تھا۔ اس سے بھی مسلم لیگ ن کو تو شاید بیانیہ بنانے میں مدد مل جائے لیکن عام آدمی یقین نہیں کرے گا کیونکہ ان کے خلاف بنائے گئے کیسز بڑے تگڑے تھے۔"

https://twitter.com/aadiiroy2/status/1625124769107529731

انہوں نے بتایا کہ جنرل باجوہ نے ریاستی رازوں کے حوالے سے بھی اس کے بعد کچھ بات کی۔ "میں نے وہ باتیں عمران خان کو بتائیں تو انہوں نے صاف کہا کہ اسے کہو جو کرنا ہے کر لے، ابھی تو میں نے اس کے خلاف کچھ کیا ہی نہیں ہے۔"

تبصرہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا یہ ویڈیوز اصلی ہیں یا نقلی لیکن ان کی قانونی حیثیت سے متعلق سوالات بہت بڑے ہیں۔
مزیدخبریں