’’اگر 18ویں ترمیم کو چھیڑا تو یہ ملک نہیں رہے گا، ہم اس ملک کو ٹوٹنے نہیں دیں گے‘‘

11:09 AM, 13 Jul, 2020

نیا دور
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عطاالرحمان نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کو اگر چھیڑا تو یہ ملک ہی نہیں رہے گا، اس بل پر بحث ملک توڑنے کے مترادف ہے اور ہم اس ملک کو ٹوٹنے نہیں دیں گے۔

سینیٹ کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر مولانا عطاالرحمن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہت عرصے بعد آج ایوان میں بات کرنے کا موقع ملا ہے اور اس وقت جو موضوع زیر بحث ہے میں اس پر گفتگو کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت زیر بحث لایا جارہا ہے اور اس وقت 18ویں ترمیم کو زیر بحث لانا یا این ایف سی ایوارڈ کو زیر بحث لانا ملک کو کمزور کرنے کی بات ہے۔ جب یہ بازگشت پہلی بار سنی، پہلے تو ہم نے تمام اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان سے رابطے کیے اور چاروں صوبوں میں ہم نے آل پارٹیز کانفرنسز کیں۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر بہت جلد قومی سطح پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے، اے پی سی کا موضوع بھی این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں ترمیم ہے۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تمام افراد صرف مہرے ہیں، اصل لوگ سامنے نہیں آرہے، 18ویں ترمیم میں بھی ان کو جو درد ہے وہ این ایف سی ایوارڈ نہیں بلکہ ان کا اصل درد ان کے اپنے اختیارات کی کمی ہے اور یہ تمام معزز افراد ان کے مہرے ہیں اور ان کے کہنے پر کام کر رہے ہیں۔ آج بھی جو افراد پس پردہ حکومت کر رہے ہیں، ان کو اس قوم سے کچھ لینا دینا نہیں، وہ بس باہر کے ممالک کو خوش کر رہے اور اس ملک کو کھا رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کو بتا دیتا ہوں کہ 18ویں ترمیم کو اگر چھیڑا تو یہ ملک ہی نہیں رہے گا اور جب یہ ملک نہیں رہے گا تو آپ لوگ کھائیں گے کیا؟ کسی کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ آج تک ان لوگوں کے بجٹ کا کوئی حساب نہیں ہے، آپ لوگوں نے آج تک کونسی جنگ لڑی ہے، اپنا کام آپ سے ہوتا نہیں اور ملک کے اندر اس طرح کی بحث چھیڑ کر کے آپ لوگ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟

سینیٹر عطاالرحمان نے کہا کہ میں آج اس ایوان اور ان کو بھی وارننگ دیتا ہو، اگر اس بل پر اس طرح بحث کی گئی تو یہ ملک توڑنے کے مترادف ہوگا، ہم اس ملک کو توڑنے نہیں دیں گے۔ اگر اپوزیشن نے مخالفت نہ کی تو جمعیت علمائے اسلام (ف) اس کی بھرپور مخالفت کرے گی، ہم گلیوں اور چوکوں میں اس کی مخالفت کریں گے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے مداخلت کی کوشش کی تو مولانا عطاالرحمان نے کہا کہ آپ کو تو میں نے کچھ نہیں بولا، آپ لوگوں کو دیہاڑی پوری ملے گی۔ میں کسی اور کے خلاف بات کر رہا ہو تو ان کو کیوں تکلیف ہو رہی ہے، آج ان کی دیہاڑی اچھی لگ گئی ہے۔
مزیدخبریں