انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

07:40 AM, 13 Jul, 2023

نیا دور
انسداد دہشت گردی عدالت ( اے ٹی سی) اسلام آباد  نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان، شبلی فراز، فرخ حبیب اور حسان نیازی سمیت دیگر رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں 2 اور  تھانہ گولڑہ میں درج ایک مقدمےکی سماعت ہوئی۔ اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی لیگل ٹیم کی جانب سے سردار مصروف، عتیق الرحمٰن اور مرزا عاصم عدالت میں پیش ہوئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے تھانہ رمنا میں درج مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی۔

عمران خان کے وکیل سردار مصروف خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آج لاہور ہائی کورٹ پیش ہونا ہے۔ لاہور  ہائی کورٹ میں پیشی کے باعث اسلام آباد پیش نہیں ہوسکتے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان کو  ذاتی حیثیت میں 19 جولائی کو طلب کرلیا۔
مزیدخبریں