ملک بھر میں 3 ہزار 858 ہیلتھ ورکرز کرونا وائرس کا شکار، 36 جاں بحق

02:43 PM, 13 Jun, 2020

نیا دور
ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3858 تک جاپہنچی ہے جن میں سے 36 اس وائرس کے ہاتھوں زندگی کی جنگ ہار گئے ہیں۔

ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں کرونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تفصیلات جاری کی ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں کرونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 3 ہزار 858 تک جاپہنچی ہے۔ ان میں 2 ہزار 327 ڈاکٹرز، 476 نرسز اور دیگر عملے کے ایک ہزار 55 افراد شامل ہیں۔

متاثرہ ہیلتھ ورکرز میں سے 3 ہزار 110 دیگر مقامات پر ڈیوٹی پر مامور تھے، ان میں سے 748 افراد انتہائی نگہداشت سینٹرز میں فرائض سر انجام دے رہے تھے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا سے متاثرہ 1456 ہیلتھ کئیر ورکرز صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 2 ہزار 100 ہیلتھ ورکرز اس وقت گھروں اور دیگر مقامات پر قرنطینہ کئے گئے ہیں، 266 ہیلتھ ورکرز مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں 263 ہیلتھ ورکرز کی حالت بہتر ہے جبکہ ہسپتالوں میں داخل 3 ہیلتھ کئیر ورکرز تشویشناک حالت ہونے کے باعث وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق کرونا وائرس سے اب تک 36 ہیلتھ ورکرز زندگی کی بازی ہار بیٹھے ہیں، جن میں سندھ کے 14، خیبر پختونخوا کے 7 ، پنجاب کے 6 ، بلوچستان کے 5 جب کہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے 2،2 ہیلتھ ورکر شامل ہیں۔
مزیدخبریں