نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت نرسنگ ریفارمز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرخالد مسعود گوندل، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈی جی نرسنگ، سیکرٹری پنجاب میڈیکل فیکلٹی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نرسز کے بیرون ملک جانے کیلئے اجازت کے عمل کو مزید آسان بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔ پی کے ایل آئی میں نرسنگ کالج کو فوری طور پر فعال کرنے کیلئے اقدامات کا حکم دے دیا۔ طالبات کی تعداد میں اضافے کیلئے مارننگ اور ایوننگ شفٹ شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ نرسز کو دوران تربیت 31 ہزار روپے ماہانہ سکالر شپ بھی دی جائے گی۔ نرسنگ کالجز میں انسٹرکٹرز، نرسز، ڈاکٹرز کیلئے فی لیکچر معاوضہ بڑھانے کی منظوری دی گئی.
محسن نقوی نے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز اور ایجوکیشن کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پلان طلب کر لیا۔
علاوہ ازیں، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبے میں زراعت کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری زراعت نے کپاس کی کاشت اور یوریا کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کے رپورٹ پیش کی۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی ،سیکرٹر ی زراعت، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ افسران اجلاس میں شریک تھے۔ چیف سیکرٹری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد، ساہیوال اور سرگودھا میں کپاس کی بوائی کا ہدف 100 فیصد حاصل کر لیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے محکمہ زراعت اور فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور متعلقہ حکام کو کاشتکاروں کیلئے یوریا کی مطلوبہ فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب میں 46لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کپاس کی کاشت پر محکمہ زراعت، انتظامیہ اورفیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو یوریا کھاد کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے اور اس ضمن میں ضروری فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ کپاس کے کاشتکار کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کریں گے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کیلئے یوریا کی مطلوبہ فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم،پنجاب حکومت کی کاوشوں اورکاشتکاروں کی محنت کی بدولت کپاس کے زیر کاشت رقبے میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور رواں برس کپاس کی بہتر فصل سے کاشتکار کو اس کی محنت کااچھا معاوضہ ملے گا۔