سابق رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما جمشید دستی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ڈیم کی تصویر شیئر کی گئی اور اس ٹویٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملاتے ہوئے کہا گیا کہ عمران خان کی عظیم کارناموں میں سے ایک شاندار کارنامہ ۔۔ مہمند ڈیم ۔۔ماشاءاللہ کام آخری مرحلے میں داخل آئندہ سال 1700 میگاواٹ سستی بجلی سسٹم میں داخل ہوگی۔
https://twitter.com/jamshaidAdasti/status/1668489275757690880?s=20
تاہم، جمشید دستی کا یہ دعویٰ جھوٹا ثابت ہو گیا ہے کیونکہ اس تصویر کی حقیقت کچھ اور ہے۔ اس تصویر میں موجود ڈیم پاکستان کا نہیں بلکہ امریکہ کا ہے۔ جمشید دستی نے غالبا امریکہ میں تعمیر شدہ Hoover Dam کی تعمیر کا کریڈٹ عمران خان کو دیتے ہوئے یہ تحقیق نہیں کی ہو گی کہ یہ ڈیم پاکستان کا ہے ہی نہیں۔ اور دلچسپ بات تو یہ ہے کہ یہ ڈیم قریب قریب ایک صدی قبل تعمیر کیا گیا تھا۔
لہٰذا، نہ تو یہ ڈیم پاکستان کا ہے اور نہ ہی اس کی تعمیر عمران خان کے کارناموں میں سے ایک ہے۔
1936 میں مکمل ہونے والا ہوور ڈیم امریکی ریاست لاس ویگاس کے قریب دریائے کولوراڈو پر واقع ہے۔ نیواڈا اور ایریزونا کی سرحد پر واقع ہوور ڈیم تین ریاستوں کو بجلی فراہم کرتا ہے۔ ہوور ڈیم دنیا کا سب سے بڑا اور اونچا ڈیم تھا، لیکن ان دنوں یہ امریکا کا دوسرا سب سے اونچا ڈیم ہے۔
گزشتہ سال 19 جولائی کو ہوور ڈیم کمپلیکس میں آتشزدگی سے ہائیڈرو الیکٹرک کمپلیکس کو نقصان پہنچا تھا۔
حکام کے مطابق بجلی پیدا کرنے والے ٹربائن ہاؤس کے ایک ٹرانسفارمر میں لگنے والی آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کے بعد ٹربائن ہاؤس سے آگ کے شعلے اور کالے دھوئیں کو بڑے پیمانے پر اٹھتے دیکھا گیا لیکن تقریباً 30 منٹ میں آگ پر قابو پالیا گیا تھا۔