چین میں ایک ڈاکو نے خاتون سے رقم لوٹی اور تقاضا کیا کہ وہ اسے اپنا بنک بیلنس دکھائے تاکہ وہ مزید رقم لوٹ سکے لیکن جب اس نے خاتون کا بنک اکائونٹ دیکھا تو وہ لوٹی ہوئی رقم بھی واپس کرنے پر مجبور ہو گیا۔
لوگ اس رحم دل ڈاکو کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ چین کے ایک خبر رساں ادارے کے مطابق، یہ واقعہ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہو گیا ہے۔ رات کے وقت ایک خاتون اے ٹی ایم مشین سے رقم نکلوا رہی تھی جب ڈاکو خنجر ہاتھ میں لہراتا ہوا اس کے عقب میں آ کھڑا ہوا۔
خاتون نے اے ٹی ایم مشین سے 25 سو یوآن نکلوائے جو پاکستانی قریباً 52 ہزار روپے بنتے ہیں لیکن اس نے اپنے عقب میں کھڑا ڈاکو دیکھا تو ڈر کے مارے ساری رقم اس کے حوالے کر دی۔
بعدازاں، ڈاکو نے غالباً مزید رقم کے حصول کے لیے خاتون سے بنک بیلنس دکھانے کا مطالبہ بھی کیا لیکن وہ اس وقت رحم دلی کا مظاہرہ کرنے پرمجبور ہو گیا جب اس نے دیکھا کہ خاتون کے اکائونٹ میں کوئی رقم موجود نہیں جس پر اس نے مسکراتے ہوئے خاتون کو رقم واپس کر دی اور آگے چل دیا۔
چین کے خبررساں ادارے جی ٹی این نے مذکورہ واقعہ کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جو چینی سوشل میڈیا پر فوراً وائرل ہو گئی۔
لیکن اس رحم دلی کا مظاہرہ کرنے کے بعد بھی ڈاکو پولیس کی حراست سے نہیں بچ سکا اور جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا۔
اس واقعہ پر لوگ نہ صرف لطیفے بنا رہے ہیں بلکہ گرفتار ڈاکو کے لیے ہمدردی کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک صارف نے لکھا، اگر یہ ڈاکو میرا بنک اکائونٹ دیکھ لیتا تو رو ہی دیتا اور مجھے اپنی جیب سے رقم دینے کے علاوہ اپنی جیکٹ اور خنجر بھی دے جاتا۔