کرونا وائرس سے چین میں تین ہزار ایک سو انہتر سے زائد افراد چل بسے، ایران میں چار سو انتیس، سپین میں چھیاسی، جنوبی کوریا میں چھیاسٹھ، اور فرانس میں اڑتالیس سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس سے امریکہ میں چالیس، اور برطانیہ میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے، بھارت میں بھی کرونا وائرس سے ایک ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور چوبیس گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے کیسز کی تعداد میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اٹلی میں ایک سو نواسی افراد کی ہلاکت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سولہ ہوگئی ہے۔ ایک پاکستانی شہری بھی اٹلی میں ہلاک ہوا ہے۔ اٹلی میں دکانیں اور سکول بند ہیں، سپتالوں میں بستروں کی کمی کے پیش نظر محکمہ صحت نے زیادہ عمر والے افراد کو آئی سی یو میں نہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
پاکستان میں کرونا کیسز کی تعداد21 ہو گئی ہے اور سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
چین نے امریکہ پر کرونا وائرس کے حیاتیاتی حملے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں امریکی فوج کا ہاتھ ہو سکتا ہے اور امریکہ کو اس کی وضاحت دینی پڑے گی۔