کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرنے والے کیلئے انعام کا اعلان

11:49 AM, 13 Mar, 2020

نیا دور
کرونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے اعلان کیا گیا ہے کہ جو فرد اس وائرس کی ویکسین تیار کرے گا اسے انعام دیا جائے گا۔

صوبہ سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کرنے والوں کو انعام دیا جائے گا، تمام ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور ریسرچ طلبہ اس میں ہماری مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی صحیح ویکسین بنائے گا اس کو انعام بھی دیا جائے گا اور اسے تمام اخراجات بھی سندھ حکومت مہیا کرے گی۔

دوسری جانب حکومت سندھ کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر قیدیوں کے عدالت میں پیشی سے استثنیٰ پر بھی غور کر رہی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جیلوں میں موجود قیدیوں کو مخصوص مدت کے لیے عدالتوں میں نہ لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی پیشی سےاستشنی کے لیے سندھ حکومت عدالت عالیہ سے رجوع کرے گی، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ سندھ کابینہ نے بھی کرونا وائرس کے سبب قیدیوں کو محدود کرنے کی تجویز دی تھی۔

سندھ حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کی ہدایت پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے جبکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عام سائلین کی بھی عدالتوں میں آمد و رفت محدود کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا پاکستان میں بھی پھیلتی جا رہی ہے اور اس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے اور اب تک ملک میں مجموعی طور کیسز کی تعداد 22 ہو چکی ہے۔
مزیدخبریں