فرانسیسی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق، یہ ہم شکل کسی عام شخصیت کا نہیں بلکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ہے۔
نریندر مودی کے ہم شکل کا نام ابھی نندن پاٹھک ہے جو دیکھنے اور بول چال میں نریندر مودی کی طرح ہی دکھتا ہے۔
بھارت میں ان دنوں عام انتخابات جاری ہے اور ابھی نندن پاٹھک لکھنئو کے حلقے سے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے خلاف الیکشن لڑ رہا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی کے ناکام وعدوں سے پریشان ابھی نندن پاٹھک بی جے پی کے خلاف اپنی انتخابی مہم آزاد امیدوار کے طور پر چلا رہا ہے جس میں اسے کافی حمایت بھی حاصل ہوئی ہے اور لوگ اب اس کی جانب متوجہ ہونے لگے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں سات مرحلوں میں ہونے والے انتخابات 19 مئی کو اختتام پذیر ہو رہے ہیں جب کہ گنتی کا عمل 23 مئی کو مکمل ہو جائے گا۔
ابھی نندن پاٹھک نے کہا، بھارتی وزیراعظم کے خلاف ووٹروں کا غصہ حقیقی ہے، میں جہاں بھی گیا، میں نے یہ غصہ محسوس کیا۔
اس نے مزید کہا، 2014ء میں نریندر مودی بھارتی وزیراعظم منتخب ہوئے تو میں اس وقت میں ان کا بہت بڑا حمایتی تھا۔ نریندر مودی سے مشابہت کی وجہ سے لوگ مجھ سے بہت محبت کرتے تھے، گلے لگاتے تھے اور میرے ساتھ سیلفی بنواتے تھے۔
ابھی نندن پاٹھک نے کہا، لوگ سوچا کرتے تھے، اگر وہ بھارتی وزیراعظم سے ملاقات نہیں کر سکتے تو مجھ ہی سے ملاقات کر لیں۔
ابھی نندن پھاٹک کا کہنا ہے، لوگ اب ان سے یہ استفسار کرتے ہیں کہ بھارتی وزیراعظم نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کہا تھا، اچھے دن آئیں گے تو کہاں ہیں وہ اچھے دن؟
واضح رہے کہ ممبئی میں بھی وزیراعظم نریندر مودی سے مشابہت رکھنے والا ایک شخص سامنے آیا تھا جسے پہلے تو بہت پذیرائی ملی لیکن اب عوامی غصے کی وجہ سے وہ اپنا حلیہ تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
ابھی نندن پھاٹک نے ایک سوال کے جواب میں کہا، میں اپنا حلیہ کیوں بدلوں؟ میں 1990 کی دہائی سے سیاست میں ہوں اور میں نے ہمیشہ کرتا پہنا ہے اور داڑھی رکھی ہے۔
اس نے مزید کہا کہ میں اصلی ہوں، حقیقت حال یہ ہے کہ نریندر مودی میرے جیسا دکھتا ہے۔