وزیراعظم شہباز شریف کا شرپسندوں کو 72 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کا حکم

12:10 PM, 13 May, 2023

نیا دور
وزیراعظم شہباز شریف نے جناح ہاؤس لاہور پر حملے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شرپسندوں کو 72 گھنٹے میں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کا جتھہ دہشت گردوں سے کم نہیں۔ جناح ہاؤس مکمل طور پر جل چکا۔دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ یہ دلخراش منظر ملکی تاریخی میں کسی نے نہ سوچا تھا نہ دیکھا تھا۔اپنے لوگوں نے دشمن بن کر ملک کی تنصیبات پر حملہ کیا۔بلوائیوں اور سہولت کاروں کو کوئی رعایت نہ دی جائے اور 72 گھنٹوں میں گرفتارکیا جائے۔

کورکمانڈر ہاؤس کے دورے کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کورکمانڈر ہاؤس تاریخی جناح ہاؤس ہے جسے مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ 75 سالہ تاریخ میں جو دشمن نہ کر سکا وہ عمران نیازی نے کر دیا۔ اس طرح کا کام کوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا۔ جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ کر کے بد ترین دہشت گردی کا ثبوت دیا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے معاملات پر آج اسلام آباد میں میٹنگ کی تھی اور ہدایات جاری کیں۔ جنہوں نے منصوبہ بندی کی اور جو حملہ آور ہوئے انہیں چن چن کر پکڑا جائے۔ ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی کے مقدمات اے ٹی سی میں چلائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہدایات جاری کی ہے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالتوں کی تعداد بڑھائی جائیں۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو کہا ہے کہ خانہ پوری منظور نہیں۔ملوث لوگوں کو گرفتار کیا جائے۔ شرپسندوں کو ہر صورت انجام تک پہنچائیں گے۔ دہشت گردی واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

دوسری جانب حکومت نے جناح ہاؤس جلانے والے ملزمان کی تصاویر جاری کرتے ہوئے نشاندہی کرنے والوں کیلئے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا ہے۔

محکمۂ داخلہ پنجاب نے اخبارات میں شائع اشتہار میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جناح ہاؤس جلانے میں ملوث شرپسند عناصر کی شناخت کریں اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے میں مدد کریں۔

حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ شرپسند عناصر کی نشاندہی کرنے والے فرد کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔ محکمۂ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ شناخت کرنے والے شخص کو 2 لاکھ روپے فی کس انعام دیں گے۔
مزیدخبریں