تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سٹی فورٹی ٹو کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات باؤ محمد رضوان نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ دو سال سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ میرے ان دوستوں کو احساس نہیں ہے کہ ایئر کوالٹی مانیٹرزکو کیسے نصب کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم ایک منصوبہ شروع کرنے والے ہیں جس میں ان کو ایجوکیٹ کیا جائے گا اور اس کی خصوصیات کے حوالے سے بتایا جائے گا۔ صوبائی وزیر محمد رضوان نے کہا کہ آج ہمارے ڈیپارٹمنٹ کا 134 جبکہ ٹاؤن ہال میں 192، ماڈل ٹاؤن میں 186 ہے۔
ائیرکوالٹی خراب ہونے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر باؤ محمد رضوان نے کہا کہ میں پورے وثوق سے کہ سکتا ہوں کہ گذشتہ دو سال سےلاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں دھند بھی نہیں ہوئی اگر یہ نہیں ہوئی تو سموگ کا ہونا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موسم میں چیزیں ساکن ہوجاتی ہیں، آلودگی رہتی ہے جو کہ سردی کی وجہ سے پھیل نہیں سکتی۔
واضح رہے کہ لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے جس کے تحت شہر کا مجموعی طور پر ایئر کوالٹی انڈیکس 444 ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
شہر میں ہوا 2 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ دوسری جانب سیکرٹری صحت شہریوں کو ماسک اور عینک کے استعمال کی ہدایت بھی کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسموگ کی وجہ سے آنکھوں میں جلن، گلا خراب اور سانس کی شکایات ہوسکتی ہیں۔