تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے سرگرم ترجمان شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ہر میدان میں عثمان بزدار کا دفاع کرنے والے شہباز گل نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ جسے عثمان بزدار کی شکل پسند نہیں وہ پارٹی چھوڑ دے۔
شہباز گل کی اس بات پر تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کی طرف سے تنقید کی جا رہی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے مستعفیٰ ہونے کی وجہ یہی بیان بنا ہے۔
واضح رہے کہ استعفی سے متعلق اشارہ دیتے ہوئے شہباز گل نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک اہم فیصلہ کیا ہے، جلد آپ سب کو آگاہ کروں گا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے عون چوہدری کو بھی وزیر اعلیٰ کے مشیر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ آصف محمود کو وزیراعلیٰ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے جو مشیر برائے ہارٹی کلچر اور سیاحت کے طور پر کام کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر عون چوہدری کو ہٹانے اور آصف محمود کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔