پاکستانی کتھک ڈانسر اور استاد عدنان جہانگیر کی جرمنی میں شاندار پرفارمنس

عدنان جہانگیر کے جذبے اور فن کے ساتھ ان کی لگن نے انہیں پاکستان کی فنکارانہ مہارت کی ایک روشن مثال بنا دیا ہے۔ جرمنی میں ان کی پرفارمنس نے مستقبل کے ثقافتی تبادلوں کی راہ ہموار کی ہے، جس سے روایتی پاکستانی فنون کے لیے نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔

07:58 PM, 13 Sep, 2024

نیوز ڈیسک

ڈوئچے ویلے جرمنی کے ہندی اور اردو شعبوں کی 60 ویں سالگرہ کی تقریب جرمنی کے شہر بون میں ہوئی جہاں ایک معروف پاکستانی کتھک ڈانسر اور استاد عدنان جہانگیر نے شاندار کتھک پرفارمنس سے حاضرین کو مسحور کیا۔

تقریب میں ڈی ڈبلیو کے ڈائریکٹر جنرل، پاکستانی سفیر، اور مختلف شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ عدنان جہانگیر کی پرفارمنس کو خوب سراہا گیا۔ پاکستانی سفیر نے عدنان جہانگیر کی پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کے مثبت امیج کو فروغ دینے پر تعریف کی۔

عدنان جہانگیر کے جذبے اور فن کے ساتھ ان کی لگن نے انہیں پاکستان کی فنکارانہ مہارت کی ایک روشن مثال بنا دیا ہے۔ جرمنی میں ان کی پرفارمنس نے مستقبل کے ثقافتی تبادلوں کی راہ ہموار کی ہے، جس سے روایتی پاکستانی فنون کے لیے نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔

ڈی ڈبلیو کے پاکستانی شعبہ کے سربراہ اسحاق کا کہنا تھا کہ ہم عدنان جہانگیر کے زبردست ٹیلنٹ کو ہمارے ساتھ شیئر کرنے پر بہت خوش ہیں۔ ان کی پرفارمنس نے ناصرف کتھک کی خوبصورتی کو ظاہر کیا ہے بلکہ ثقافتی سفارت کاری کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔

ایک اور تقریب جو جرمنی کے شہر برلن میں ہوئی وہاں بھی عدنان جہانگیر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ یہ تقریب جرمنی میں پاکستان کے سفیر کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس کا نام 'پاکستان کے رنگ' رکھا گیا تھا۔ اس پرفارمنس میں عدنان جہانگیر کا ساتھ معروف ستار نواز استاد شجاعت علی خان نے دیا اور اس موقع پر ٹرک آرٹ کی نمائش بھی کی گئی۔

انڈونیشیا، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے پاکستانی ثقافت کے رنگوں کی تعریف کی اور عدنان جہانگیر کی پرفارمنس کو سراہا۔

مزیدخبریں