ابراج گروپ کے بانی اور معروف کاروباری شخصیت عارف نقوی کرونا وائرس کا شکار

10:05 AM, 14 Apr, 2020

نیا دور
معروف کاروباری شخصیت اور وزیر اعظم عمران خان کے قریب سمجھے جانے والے ابراج گروپ کے سابق مالک عارف نقوی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

عارف نقوی وہی کاروباری شخصیت ہیں جو تھوڑے عرصہ قبل عمران حکومت کی اعلیٰ سطحی میٹنگز میں نظر آرہے تھے جبکہ بجلی کی صنعت میں بھی انکو بڑی رعایتی آفرز کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ اب عارف نقوی کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ وہ اس وقت ایک ہسپتال میں داخل ہیں جہاں انکا کرونا کے حوالے سے علاج جاری ہے۔

دی نیوز اور پرافٹ ڈاٹ پاکستان ٹوڈے کے مطابق عارف نقوی کا کہنا ہے کہ انہیں ہسپتال میں چوتھا دن ہے، انہیں شدید نقاہت کا سامنا ہے جس کے بارے میں وہ سمجھ سکتے ہیں کہ انکا جسم وائرس سے لڑ کر صحتیاب ہونے کی کوشش میں ہے۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس ایک انتہائی مہلک مرض ہے اسے ہلکا نہ لیا جائے اور اپنی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ 

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ روبصحت ہیں۔ انکا آکسیجن لیول بھی ٹھیک ہے اور دیگر علامات بھی بتا رہی ہیں کہ وہ جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں اور نرسوں کی تعریف کرتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا۔
مزیدخبریں