قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

06:32 AM, 14 Apr, 2022

نیا دور
ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا اقدام اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

وکیل منصور اعوان اور زینب جنجوعہ ایڈوکیٹ نے ن لیگ کے مرتضی جاوید عباسی کی جانب سے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی، درخواست پر آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا کہ 13 اپریل کا سرکلر جس میں اجلاس 22 اپریل تک ملتوی کیا گیا آئین سے متصادم ہے لہٰذا ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر اسمبلی کے الیکشن کے لیے فوری اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے۔

درخواستگزار نے استدعا کی کہ سیکریٹری پارلیمانی افیئرز اور سیکریٹری اسمبلی کو 16 اپریل کو اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر قومی اسمبلی کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، سیکریٹری پارلیمانی افئیرز اور سیکریٹری اسمبلی کو درخواست میں فریق بنایا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کا ہفتے کو ہونے والے اجلاس کا شیڈول تبدیل کیا گیا جس کے تحت قومی اسمبلی کا بروز ہفتہ سہ پہر 4 بجے ہونے والا اجلاس بروز جمعہ مورخہ 22 اپریل کو سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا۔

اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی قائم مقام اسپیکر نے اسمبلی قواعد و ضوابط اور آئین کے قائدہ 49 کی شق 2(ب) کے تحت تفویض اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کیا۔
مزیدخبریں