شیری رحمان دنیا کی 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل

06:32 AM, 14 Apr, 2023

نیا دور
امریکا کے معروف جریدے ٹائم میگزین نے پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمان کو دنیا کی 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل کر لیا۔

ٹائم میگزین کی جانب سے دنیا کی 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کر دی گئی۔ وزیر ماحولیات شیری رحمان کو دنیا 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جس میں ان کا نمبر چھٹا ہے۔

ٹائم میگزین کے مطابق عالمی سطح پر کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ انتہائی معمولی ہے اور ماحولیاتی بحران کے سبب پچھلے برس ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوب گیا تھا۔

جریدے کا کہنا ہے کہ نومبر میں جب شیری رحمان کوپ27 اجلاس میں مصر آئیں اس وقت بھی سیلابی پانی پورے طور پر نہیں اترا تھا۔

شیری رحمان مصر میں منعقد کوپ 27 اجلاس میں ان سیلاب زدگان کی آواز بنیں جو قدرتی آفت کے سبب اپنا سب کچھ کھو بیٹھے تھے۔

جریدے کے مطابق شیری رحمان نے انتہائی پُرجوش تقاریر اور انتھک مصروفیات اور مذاکرات کے ذریعے انہوں نے مندوبین کو قائل کیا کہ یہ ناانصافی ختم کی جانی چاہیے۔

کوپ 27 کا اختتام اس تاریخی فیصلے پر ہوا کہ عالمی برادری پہلی بار متفق ہوئی کہ قدرتی آفات کا سامنا کرنے والے ممالک کے لیے نقصان اور تباہی فنڈ قائم کیا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شیری رحمان کا نام فنانشل ٹائمز کی جانب سے جاری کی گئی  2022 کی 25 سب سے بااثر خواتین کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

فنانشل ٹائمز کی جانب سے شیری رحمان کو ’تحمل سے گفت و شنید کرنے والی‘ خاتون کا لقب بھی دیا گیا۔

علاوہ ازیں فوربز میگزین کی جانب سے ایشیا کی 50 کامیاب ترین خواتین کی فہرست جاری کی گئی جس میں پاکستان کی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا نام بھی شامل کیا گیا۔
مزیدخبریں