بھارتی میڈیا کے مطابق مدھر آواز کے مالک اور بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں چار دہائیوں سے اپنی آواز کا جادو جگانے والے گلوکار ایس پی بالا کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر 5 اگست کو ایم جی ایم ہیلتھ کیئر سینٹر میں داخل کیا گیا تھا۔
اہلخانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معروف گلوکار کی طبیعت نہ سنبھلنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا تھا تاہم بدستور طبیعت گرتی رہی جس پر اب انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایس پی بالا کی طبیعت انتہائی خراب ہے اور ڈاکٹر کی ایک ٹیم ان کے اعضائے رئیسہ کی کارکردگی کی نگرانی کر رہی ہے۔ وہ شوگر اور بلڈ پریشر کے مرض میں بھی مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف گلوکار نے 5 اگست کو اپنے فیس بک پییج پر ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ کرونا ٹیسٹ مثبت آنے اور معمولی علامات کے ظاہر ہونے پر ہسپتال میں داخل ہورہا ہوں۔